لندن: (دنیا نیوز) سیاسی فیصلہ سازی سے متعلق یوکے کوویڈ 19 کی انکوائری رپورٹ جاری کر دی گئی جس میں کہا گیا ہے کہ اس وقت کے وزیراعظم بورس جانسن حالات سے نمٹنے میں ناکام نظر آئے۔
رپورٹ کے مطابق حکومت کا کورونا کے دوران مارچ 2020ء میں ردعمل بہت کم اور بہت تاخیر سے تھا، انگلینڈ میں کورونا میں ایک ہفتہ قبل لاک ڈاؤن لگانے سے 23 ہزار جانیں بچ سکتی تھیں، سماجی دوری اور کوویڈ علامات والے افراد کو تنہا رکھنے سے لاک ڈاؤن کے بر وقت نفاذ سے بچا جا سکتا تھا۔
انکوائری رپورٹ کے متن کے مطابق کورونا کے بعد کی لہروں سے سبق نہ سیکھنا ناقابل معافی تھا، کورونا میں مارچ 2020ء سے مئی 2023ء کے درمیان 2 لاکھ 2 ہزارافراد ہلاک ہوئے، سرکاری سائنسدان ابتدائی دنوں میں کورونا وائرس کے پھیلنے کی رفتار کا اندازہ نہیں لگا سکے۔
رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا کہ سیاستدان اور ان کے مشیروں کی طرف سے کورونا کے قواعد کی خلاف ورزی سے عوام کا اعتماد مجروح ہوا، کورونا میں بچوں کو ترجیح نہیں دی گئی، وزرا سکولوں کی بندش کے نتائج کا درست اندازہ لگانے میں ناکام رہے، لاک ڈاؤن نے معاشرے پر داغ چھوڑے اور عدم مساوات کو مزید فروغ ملا۔



