کورونا وائرس : شہریوں پرسفری پابندیوں کیخلاف چین کا سخت ردعمل

Published On 04 January,2023 09:56 am

بیجنگ : (ویب ڈیسک ) چین کی جانب سے متعدد ممالک میں چین سے آنے والے مسافروں کے منفی کورونا ٹیسٹ لازمی کرنے کے اقدام پر سخت ردعمل کا اظہار کیا گیا ہے ۔

 ترجمان چینی وزارت خارجہ  نے مختلف ممالک کےاس اقدام  پر تنقید کرتے ہوئے کہا  کہ چین سے آنے والے مسافروں پر منفی کورونا ٹیسٹ کی شرط سائنسی طور پر بے بنیاد اور غیرمعقول ہے۔

ترجمان چینی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ چین سےآنےوالےمسافروں پر منفی کوروناٹیسٹ کےاقدام کی سخت مخالفت کرتےہیں ، چین سے آنےوالےمسافروں پر منفی کوروناٹیسٹ لازمی کرنے پر جوابی اقدامات کیے جائیں گے۔

چین میں رواں ماہ  کورونا پابندیاں نرم کرنے کے بعد کورونا کیسز میں اضافہ ہو گیا ہے ، ملک پابندیوں کے خاتمے کے بعد سے وائرس کے تیز پھیلاؤ سے نمٹنے کی کوشش کر رہا ہے۔

یاد رہے کہ چین نے تین سال بعد 8 جنوری سے کورونا پابندیاں نرم کرکے تمام بارڈر کھولنے کا اعلان کر رکھا ہے، زیرو کووڈ پالیسی میں نرمی کے معاملے پر مختلف ممالک کی جانب سے سفری پابندیوں میں اضافہ کیا جارہا ہے ۔

امریکا، برطانیہ، بھارت سمیت متعدد ممالک چین میں کورونا کیسز کے پھیلاؤ پروہاں سے آنے والے مسافروں پر منفی کورونا ٹیسٹ کی شرط لازمی کر چکے ہیں۔

خبررساں اداروں کے مطابق کچھ سائنسدانوں کو اس بات پر تشویش ہے کہ چین میں کورونا کیسز میں اضافے سے دنیا بھر میں کورونا کی ایک نئی شکل سامنے آسکتی ہے۔

واضح رہے کہ  عالمی ادارۂ صحت نے چین سے کورونا وائرس کے حوالے سے اعداوشمار پر مبنی معلومات کے تبادلے پر زور دیا تھا ۔
 

Advertisement