کورونا کا پھیلاؤ: چین سے امریکا آنیوالوں کیلئے کوویڈ ٹیسٹ لازمی قرار

Published On 29 December,2022 08:41 am

بیجنگ :(دنیا نیوز) چین میں ایک بار پھربڑے پیمانے پر کورونا وبا کا پھیلاؤ، امریکا نے چین سے آنے والے مسافروں کیلئے کوویڈ ٹیسٹ کو لازمی قرار دے دیا۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق چین، ہانگ کانگ اور مکاؤ سے آنے والے مسافروں کو امریکا میں داخلہ سے پہلے اپنا منفی کورونا ٹیسٹ دکھانا ہوگا۔

امریکی میڈیا کے مطابق چینی مسافروں پر پابندی کا اطلاق 5 جنوری سے ہوگا۔

امریکی حکام کے مطابق یہ اقدامات چین میں کورونا کیسز میں اضافے کو مدنظر رکھتے ہوئے اٹھائے گئے ہیں تاکہ امریکا میں کورونا کیسز کے امکانات کو کم کیا جاسکے۔

دوسری جانب اٹلی نے بھی چین سے آنیوالے مسافروں کیلئے ٹیسٹ لازمی قرار دیدیا ، اطالوی وزیر صحت کا کہنا ہے کہ چین سے آنے والے تمام مسافروں کو اینٹی جن سواب اور وائرس سیکوئنسنگ کرانی ہوگی ، اطالوی آبادی کو وائرس سے بچانے کے لیے کورونا ویریئنٹس کی نگرانی اور جانچ کا یہ اقدام ضروری ہے۔

اس ضمن میں برطانیہ اور جرمنی کا کہنا ہے کہ وہ چین میں بڑھتے ہوئے کورونا کیسز کی صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں لیکن فی الحال چینی مسافروں کے لیے نئی پابندیوں پر غور نہیں کیا جارہا ہے ۔

بھارت ، جاپان ،ملا ئیشیا، تائیوان پہلے ہی غیر ملکی مسافروں کے لیے کورونا کی نئی پابندیاں لگا چکا ہے۔

خبررساں اداروں کے مطابق کچھ سائنسدانوں کو اس بات پر تشویش ہے کہ چین میں کورونا کیسز میں اضافے سے دنیا بھر میں کورونا کی ایک نئی شکل سامنے آسکتی ہے۔

خیال رہے کہ تین سال کی پابندیوں کے بعد 8 جنوری سے چین کی جانب سے سفری پابندیوں میں نرمی کا اعلان کیا گیا ہے ۔

واضح رہے کہ چین میں رواں ماہ کورونا پابندیاں نرم کرنے کے بعد کورونا کیسز میں اضافہ ہو گیا ہے، سفری پابندیوں میں نرمی کا اعلان ایک ایسے موقع پر ہوا ہے جب چین پابندیوں کے خاتمے کے بعد سے وائرس کے تیز پھیلاؤ سے نمٹنے کی کوشش کر رہا ہے۔ 

Advertisement