چین : بین الااقوامی پروازوں سے متعلق پابندیوں میں نرمی کا اعلان

Published On 29 December,2022 02:18 am

بیجنگ : (ویب ڈیسک ) چین نے 8 جنوری سے بین الااقومی مسافر پروازوں کے حوالے سے کورونا کے پیش نظر لگائی گئیں پابندیوں میں نرمی کا اعلان کر دیا۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق چینی حکومت 8 جنوری سے بین الاقوامی مسافر پروازوں پر سے کچھ کوویڈ پابندیاں ہٹا دے گی تاکہ پروازوں کا آپریشن دوبارہ شروع کیا جا سکے۔

چین کی سول ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن کے مطابق 8 جنوری سے، ملکی اور غیر ملکی ایئر لائنز دو طرفہ نقل و حمل کے معاہدوں کے مطابق طے شدہ مسافر پروازیں چلائیں گی جس میں پروازوں کی تعداد کی حدود اب لاگو نہیں ہوں گی۔

رپورٹ کے مطابق چین بتدریج ملکی اور غیر ملکی ایئر لائنز سے بین الاقوامی مسافروں کے چارٹر فلائی جیٹس کے لیے درخواستیں قبول کرنا دوبارہ شروع کر دے گا، اور 2023 کے موسم گرما اور خزاں میں کورونا سے پہلے کے عمل اور ضروریات کو مکمل طور پر بحال کر دیا جائے گا۔

خیال رہے کہ چینی انتظامیہ نے مارچ 2020 میں ایک سرکلر جاری کیا تھا جس میں ملکی اور غیر ملکی ایئر لائنز کے ذریعے چلنے والی بین الاقوامی پروازوں کی تعداد کو محدود کر دینے کا اعلان کیا گیا تھا۔

Advertisement