کراچی: (دنیا نیوز) سندھ میں کورونا کیسز میں اچانک اضافے کے پیش نظر محکمہ صحت نے ہسپتالوں میں ایس او پیز کا خاص خیال رکھنے کی ہدایت کردی، طبی ماہرین کہتے ہیں کہ علامات ظاہر ہوں تو فوری ڈاکٹر سے رجوع کریں۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں کورونا ایک بار پھر سر اٹھانے لگا، 24 گھنٹوں کے دوران 53 افراد کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا جبکہ 12 مریض ہسپتالوں میں داخل ہیں، شہر کے بڑے نجی ہسپتال کے عملے اور طلباء میں بھی 10 افراد کا کورونا مثبت آیا ہے۔
صوبے میں کورونا وائرس کے مثبت کیسز کی شرح 11.8 فیصد ہوگئی ہے، طبی ماہرین کہتے ہیں کہ کورونا کے نئے ویرئنٹ کی علامات میں پیٹ کا خراب ہو جانا، گلہ خراب اور بخار کی شکایت شامل ہیں، ایسے میں فوری ڈاکٹر سے رجوع کیا جائے۔
دوسری طرف نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشنل سینٹر نے کورونا وائرس کے اچانک بڑھتے کیسز کے باعث ملک بھر میں 30 اپریل تک ہسپتالوں سمیت ہجوم والی جگہوں پر ماسک کے استعمال کو لازمی قرار دیا ہے۔