بیجنگ : (ویب ڈیسک ) کورونا پابندیوں کے خاتمے کے بعد سے چین کے ہسپتالوں میں مریضوں کا رش بڑھ گیا اور ایک ہفتے میں 13 ہزار سے زائد اموات رپورٹ ہوئی ہیں ۔
خبر رساں ادارے کے مطابق چین میں رواں ماہ کورونا پابندیاں نرم کرنے کے بعد کورونا کیسز میں تشویشناک حد تک اضافہ ہوا ہے ، ملک پابندیوں کے خاتمے کے بعد سے وائرس کے تیز پھیلاؤ سے نمٹنے کی کوشش کر رہا ہے۔
خبر رساں ادارے کے مطابق چین میں 13 سے 19 جنوری کے دوران کورونا وائرس سے تقریباً 13 ہزار نئی اموات ریکارڈ ہوئی ہیں ، ان اموات میں گھر پر ہونے والی ہلاکتیں شامل نہیں ہیں۔
خبر ایجنسی کے مطابق کورونا پابندیوں کے خاتمے کے بعد ماہرین نے پہلے ہی خبردار کیا تھا کہ چین میں کورونا وائرس کی لہرعروج پر ہے ، ماہرین نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ رواں برس چین میں کورونا سے تقریبا ایک ملین افراد زندگی کی بازی ہارسکتے ہیں ۔
یہ بھی پڑھیں : بیرون ملک سے چین آنیوالے افراد کیلئے قرنطینہ کی پابندی ختم کر دی گئی
خبر ایجنسی کے مطابق اس سے قبل چین میں 8 سے 12 جنوری کے دوران ہسپتالوں میں تقریبا 60 ہزار اموات کا انکشاف کیا گیا تھا، طبی ماہرین نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ چین میں نئے قمری سال کی چھٹیاں شروع ہونے پر کورونا وائرس مزید پھیلنے کا امکان ہے۔
خیال رہے کہ 8جنوری کو لگ بھگ 3 سال بعد چین نے کورونا وائرس کی وبا سے متعلق سفری پابندیوں کو ختم کریا تھا ، چین میں نئے قمری سال کی 40 روزہ چھٹیوں کا آغاز ہوا جس کے بعد کورونا کے کیسز بڑی تعداد میں سامنے آئے تھے ۔