اسلام آباد: (دنیا نیوز) کورونا کے حوالے سے نئی پابندیاں 17 مئی تک نافذ العمل رہیں گی۔ این سی او سی کا حکم نامہ صوبوں کو ارسال کر دیا گیا۔
این سی او سی فیصلوں کی روشنی میں اسلام آباد میں پابندیوں کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا۔ نوٹیفکیشن کے مطابق اسلام آباد میں سکولز، کالجز سمیت تمام تعلیمی ادارے عید تک بند ہوں گے۔ ریسٹورنٹس، ہوٹلز پر ان ڈور، آؤٹ ڈور ڈائننگ مکمل بند، صرف ٹیک اوے کی اجازتہ ہوگی۔
نوٹیفکیش میں مزید کہا گیا کہ شام 6 سے صبح سحری تک ہر قسم کی کاروباری سرگرمیاں ممنوع ہوں گی، اسلام آباد میں پٹرول پمپس، میڈیکل سٹورز، صحت مراکز، ویکسینیشن سینٹرز کھلے رہیں گے، بنیادی ضروری اشیاء کی دکانیں، چکن شاپس، دودھ دہی کی دکانیں بھی کھلی رکھنے کی اجازت ہوگی۔
وفاقی دارالحکومت میں ہفتہ، اتوار کاروباری سرگرمیاں معطل اور مکمل لاک ڈاؤن ہوگا۔ سرکاری و نجی دفاترمیں نصف عملے، صبح 9 سے دن 2 بجے تک کام کی اجازت ہوگی۔
دوسری جانب نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق کورونا وائرس سے 157 افراد جاں بحق ہوگئے، جس کے بعد اموات کی تعداد 16 ہزار 999 ہوگئی۔ پاکستان میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 7 لاکھ 90 ہزار 16 ہوگئی۔
گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 5 ہزار 908 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، پنجاب میں 2 لاکھ 85 ہزار 542، سندھ میں 2 لاکھ 76 ہزار 670، خیبر پختونخوا میں ایک لاکھ 12 ہزار 140، بلوچستان میں 21 ہزار 477، گلگت بلتستان میں 5 ہزار 247، اسلام آباد میں 72 ہزار 613 جبکہ آزاد کشمیر میں 16 ہزار 327 کیسز رپورٹ ہوئے۔
ملک بھر میں اب تک ایک کروڑ 14 لاکھ 83 ہزار 643 افراد کے ٹیسٹ کئے گئے، گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 52 ہزار 402 نئے ٹیسٹ کئے گئے، اب تک 6 لاکھ 86 ہزار 488 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ 4 ہزار 682 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔
پاکستان میں کورونا سے ایک دن میں 157 افراد جاں بحق ہوئے جس کے بعد وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 16 ہزار 999 ہوگئی۔ پنجاب میں 7 ہزار 897، سندھ میں 4 ہزار 587، خیبر پختونخوا میں 3 ہزار 66، اسلام آباد میں 657، بلوچستان میں 230، گلگت بلتستان میں 104 اور آزاد کشمیر میں 458 مریض جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔