آنکھوں کے معمولی مرض سے پیدا ہونے والی خطرناک بیماری

Published On 31 December,2025 10:06 am

تائیوان: (ویب ڈیسک) گلوکوما کو اکثر خاموش بیماری کہا جاتا ہے کیونکہ شروع میں اس کے کوئی واضح علامات ظاہر نہیں ہوتیں، تاہم یہ آہستہ آہستہ آنکھوں کو نقصان پہنچا سکتی ہے اور اس کے نتیجے میں دماغی بیماریوں کے خطرات بڑھ سکتے ہیں۔

طبی ماہرین کے مطابق گلوکوما یا کالا موتیا آنکھوں کے اس بصری عصب کو متاثر کرتا ہے جو دیکھنے کی معلومات دماغ تک پہنچاتا ہے، اگر بروقت علاج نہ کیا جائے تو یہ بیماری وقت کے ساتھ بینائی ختم ہونے کا سبب بن سکتی ہے۔

زیادہ تر کیسز میں گلوکوما آنکھ کے اندر دباؤ بڑھنے کی وجہ سے ہوتا ہے، تاہم اس کی ایک نایاب قسم نارمل ٹینشن گلوکوما بھی ہے، اس میں آنکھ کا دباؤ معمول کے مطابق ہوتا ہے، لیکن اس کے باوجود بصری عصب متاثر ہوتا رہتا ہے۔

دوسری جانب الزائمر ایک سنجیدہ دماغی بیماری ہے، جو یادداشت میں کمی، الجھن اور رویّوں میں تبدیلی کا باعث بنتی ہے، بیماری کے بڑھنے کے ساتھ مریض روزمرہ کے کام بھی بھولنے لگتے ہیں۔

تائیوان کے سائنس دانوں نے تحقیق کی کہ آیا گلوکوما اور الزائمر کے درمیان کوئی تعلق موجود ہے یا نہیں، اس مقصد کیلئے انہوں نے 15,000 سے زائد نارمل ٹینشن گلوکوما کے مریضوں کے ڈیٹا کا جائزہ لیا اور ان کا موازنہ 61,000 ایسے افراد سے کیا جنہیں گلوکوما نہیں تھا، تمام شرکاء کی صحت کا 12 سال تک مشاہدہ کیا گیا۔

نتائج کے مطابق نارمل ٹینشن گلوکوما کے مریضوں میں الزائمر میں مبتلا ہونے کا خطرہ 52 فیصد زیادہ پایا گیا، یہ خطرہ خاص طور پر بزرگ خواتین اور فالج کے شکار افراد میں زیادہ تھا۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ نارمل ٹینشن گلوکوما کے مریضوں میں الزائمر کی علامات پر بھی توجہ دینا ضروری ہے، کیونکہ بروقت تشخیص سے مؤثر علاج اور بہتر نگہداشت ممکن ہو سکتی ہے۔