صحت کا مسئلہ کسی بھی ملک کے لیے نیشنل سکیورٹی چیلنج ہے، مصطفیٰ کمال

Published On 30 December,2025 12:11 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر صحت سید مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ کہ کسی بھی ملک کے لیے صحت کا مسئلہ دراصل نیشنل سکیورٹی کا مسئلہ ہوتا ہے، جب بڑی تعداد میں لوگ بیمار پڑے تو امریکا جیسی سپر پاور کا ہیلتھ کیئر سسٹم بھی دباؤ کا شکار ہو گیا تھا۔

اسلام آباد میں سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر صحت نے کہا عوام کو علاج معالجے کی معیاری سہولتوں کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے تاہم صحت کا کام صرف مریض کے ہسپتال داخل ہونے کے بعد شروع نہیں ہوتا بلکہ ہسپتالوں سے باہر بھی صحت کے شعبے پر توجہ دینا ناگزیر ہے۔

مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ پاکستان میں بھی ایک وقت میں بہت سے لوگ بیمار ہو رہے ہیں جس کے باعث ہمارا ہیلتھ کیئر سسٹم متاثر ہو رہا ہے، اگر ہیلتھ سیکٹر کو درست سمت میں نہ ڈالا گیا تو یہ ایک نیشنل کرائسز بن جائے گا جو ملکی معیشت کو کھا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنے لوگوں کو بیمار پڑنے سے بچانا ہے مگر افسوس کہ ہماری قوم اپنے بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے پر بھی آمادہ نہیں جسے سمجھانا ایک مشکل کام بن چکا ہے، یہاں یہ ممکن نہیں کہ کوئی درست کام کیا جائے اور اس پر تنقید نہ ہو۔

وفاقی وزیر صحت نے صحت سے متعلق آگاہی قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس پیغام کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانا چاہیے، کسی بھی مرض کا علاج اسی صورت میں ممکن ہے جب اس کی بروقت تشخیص ہو کیونکہ جب ایک ہی وقت میں بہت زیادہ لوگ بیمار پڑنے لگیں تو دنیا کا کوئی بھی ملک اس بوجھ کو برداشت نہیں کر سکتا۔