کوئٹہ: (دنیا نیوز) بلوچستان حکومت نجی آکسیجن پروڈیوسرکمپنی کی اڑھائی کروڑ کی مقروض نکلی، کمپنی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ 8 ماہ سے حکومت نے ادائیگی نہیں کی، اگر ادائیگی نہیں کی تو آکسیجن کی فراہمی مشکل ہو جائے گی۔
کوئٹہ میں موجود ایک نجی آکسیجن پروڈیوسرکمپنی جو شہر کے سرکاری ہسپتالوں کو آکسیجن فراہم کرتی ہے، حکومت بلوچستان اس نجی کمپنی کی اڑھائی کروڑ کی مقروض ہے۔
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ 8 ماہ سے ادائیگی نہیں کی جا رہی ایسا ہی رہا تو آکسیجن فراہم کرنا مشکل ہو جائے گا، سول ہسپتال میں آکسیجن سلنڈر کی یومیہ ضروت 50 سے بڑھ کر 100 ، فاطمہ جناح میں آکسیجن سلنڈر کی ضروت 40 سے بڑھ کرڈھائی سو سے تین سو ہوگئی ہے۔ شہر کے 15 نجی ہسپتالوں میں بھی یومیہ دس سلنڈرسے بڑھ کر 60 سے 70 آکسیجن فراہم کئے جارہے ہیں۔
کمپنی حکام کہتے ہیں کہ ائیر پورٹ روڈ پر نجی آکسیجن گیس کمپنی یونٹ کو بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ کے باعث بھی مشکلات کا سامنا ہے روزانہ کی آکسیجن سلنڈر کی پیداوار میں 30 فیصد نقصان ہو رہا ہے، جسکی وجہ سے ضرورت کو پورا کرنے کے لئے دیگر شہروں سے آکسیجن منگوانی پڑتی ہے۔