نئی دہلی: (ویب ڈیسک) بھارتی پنجابی گلوکار عمران خان کو کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی پر گرفتار کرلیا گیا۔
واضح رہے کہ گزشتہ ماہ مئی میں بھارتی پنجاب کے معروف گلوکار اور اداکار گپی گریوال کو بھی ان کے عملے سمیت کووڈ 19 ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے پر گرفتار کیا گیا تھا۔ وہ پابندی کے باوجود پنجاب کے ضلع پٹیالہ میں فلم کی شوٹنگ کررہے تھے۔ اس کے علاوہ اپریل میں بالی ووڈ اداکار جمی شیرگل کو بھی پابندی کے باوجود پنجاب کے شہر لدھیانہ میں فلم کی شوٹنگ کرنے کےلیے گرفتار کیا گیا تھا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق پنجابی گلوکار عمران خان جو کہ خان صاحب کے نام سے بھی مشہور ہیں کو ان کے تین دوستوں سمیت کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے کے لیے گرفتار کرلیا گیا۔ بھارت میں کورونا وبا کی وجہ سے لاک ڈاؤن ہے اور تقریبات پر پابندی عائد ہے۔
پولیس کے مطابق گلوکار عمران خان پنجاب کے ضلع کپور تھالا کے علاقے ستنمپورہ میں گزشتہ روز رات کے وقت اپنے دوستوں ہرپریت سنگھ، دلباغ محمد اور اعجاز کے ہمراہ بینڈ باجے کے ساتھ سالگرہ منارہے تھے۔ جب کہ رات کے وقت کورونا کی وجہ سے کرفیو لگاہوا تھا۔ پولیس نے ان تمام لوگوں کوکورونا ایس اوپیز کی خلاف ورزی کرنے پر گرفتار کیا ہے۔
ستنمپورہ کے ایس ایچ او نے گلوکار اور اس کے دوستوں کو گرفتار کرنے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں آئی پی سی کے سیکشن 188 اور 51 کے تحت گرفتار کیا گیا ہے۔