اداکارہ صبا قمر اور گلوکار بلال سعید کے وارنٹ گرفتاری جاری

Published On 08 September,2021 11:18 pm

لاہور: (دنیا نیوز) مسجد وزیر خان میں رقص کرنے اور ویڈیو بنانے کے کیس میں پیش نہ ہونے پر اداکارہ صباء قمر اور گلوکار بلال سعید کے وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے گئے۔

جوڈیشل مجسٹریٹ جویریہ منیر بھٹی نے مسجد وزیر خان بے حرمتی کیس پر سماعت کی، دوران سماعت مقدمے میں نامزد ملزم اداکارہ صباء قمر اور گلوکار بلال سعید طلب کرنے کے باوجود عدالت پیش نہ ہوئے.

عدالت نے کارروائی کرتے ہوئے دونوں ملزمان کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے۔

پراسیکیوشن نے صبا قمر اور بلال سعید کے خلاف چالان جمع کر وا رکھا ہے، جس میں موقف اختیار کیا کہ دونوں ملزمان مسجد وزیر خان میں گانے کی عکس بندی کر کے بے حرمتی کی جبکہ واقعہ کے ویڈیو بھی موجود ہے لہذا عدالت صبا قمر اور بلال سعید کے خلاف کارروائی کرے۔

اداکارہ صبا قمر اور بلال سعید کے خلاف آئندہ کارروائی 6 اکتوبر کو ہو گی۔
 

Advertisement