لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستانی اداکارہ و ماڈل ازیکا ڈینیئل نے انکشاف کیا ہے کہ وہ اداکاری میں آنے سے قبل ائیر ہوسٹس تھیں جس دوران ایک ناگوار واقعہ بھی پیش آیا تھا۔
حال ہی میں نجی ٹی وی کے ایک شو میں شرکت کے دوران ازیکا سے ان کی اداکاری کے کیرئیر کے آغاز سے قبل پیشہ ورانہ زندگی کے حوالے سے سوال کیا گیا جس پر انہوں نے بتایا کہ وہ ایک ٹیچر تھیں۔
ازیکا ڈینیئل نے بتایا کہ میں بچوں کو پڑھایا کرتی تھی، اس کے بعد مجھے ائیر ہوسٹس کی نوکری مل گئی جو کہ میرا خواب تھا۔
انہوں نے ایک قصہ بھی سنایا اور کہا کہ ایک مرتبہ ہماری فلائٹ سیالکوٹ سے کویت جارہی تھی جب جہاز پر آسمانی بجلی گری، ہمیں ایسا لگا کہ گویا کوئی بم دھماکا ہوا ہو، ہم سب ڈر گئے اور نیچے بیٹھ گئے تھے، میرے خیال سے بادلوں کا مسئلہ تھا ۔
اداکارہ نے انکشاف کیا کہ اس واقعے کے 6 ماہ بعد میں نے نوکری چھوڑ دی، جب وین لینے آئی تو میں گئی ہی نہیں کیونکہ میرا دل نہیں کیا، شو کاز نوٹس بھی موصول ہوئے، بعدازاں مجھے نوکری سے نکال دیا گیا۔