ممبئی: (ویب ڈیسک) بھارت کے گلوکار سدھو موسے والا کے قتل کی منصوبہ بندی کے الزام میں گرفتار لارنس بشنوئی نے جیل سے بالی ووڈ کے سپر سٹار سلمان خان کو ایک اور دھمکی دے دی ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق لارنس بشنوئی نے مبینہ طور پر دھمکی دیتے ہوئے کہا کہ کالے ہرن کے قتل کے معاملے پر ان کی برادری سلمان خان سے ناراض ہے کیونکہ وہ ہمارے لیے ذلت کا باعث بنے۔
بشنوئی نے اپنے بیان میں کہا کہ کالا ہرن مارنے کے الزام میں سلمان خان کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا لیکن انہوں نے معافی نہیں مانگی، اگر وہ اب بھی معافی نہیں مانگتے تو نتائج بھگتنے کے لیے تیار رہیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق لارنس بشنوئی نے سلمان پر زور دیا کہ وہ ان کے مذہبی گرو جمبیشور(جمبا جی) کے مندر جائیں اور معافی مانگیں، اگر ہماری برادری انہیں معاف کر دے تو میں انہیں کچھ نہیں کہوں گا۔
واضح رہے کہ لارنس بشنوئی نے پہلی بار سلمان خان کو دھمکی نہیں دی، اس سے قبل گزشتہ سال بھی اس نے بالی ووڈ اداکار کو قتل کرنے کی دھمکی دی تھی۔