سینئر پاکستانی اداکار اور پروڈیوسر طارق جمیل پراچہ انتقال کر گئے

Published On 09 April,2023 01:20 pm

لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان ڈرامہ انڈسٹری کے سینئر اداکار اور پروڈیوسر طارق جمیل پراچہ انتقال کر گئے۔

اداکار کے انتقال کی خبر سب سے پہلے اداکار عمران اسلم نے فیس بک پر شیئر کی جہاں انہوں نے لکھا کہ ’آپ کے ساتھ ہر بار کام کر کے بہت اچھا لگا، ایک کے بعد ایک قیمتی لوگ ہمیں چھوڑ کر جا رہے ہیں‘۔

تاہم اداکار کے انتقال کی وجہ ابھی تک معلوم نہ ہوسکی۔

طارق جمیل پراچہ نے اپنے کیریئر کا آغاز پی ٹی وی کے سیٹ ڈیزائنر کے طور پر کیا مگر وہ ایک بہترین پروڈیوسر کے طور پر جانے گئے، انہوں نے پہلا ڈرامہ  آنچ  بنایا جسے کافی مقبولیت ملی۔

اس کے بعد انہوں نے اداکاری کے شعبے میں بھی قدم رکھا اور خوب داد سمیٹی، ان کے مشہور ڈراموں میں دل مومن، سات پردوں میں، پیار نام کا دیا، اڑان اور محبت چھوڑ دی میں نے شامل ہیں۔

سینئر اداکار کے انتقال کی افسوس ناک خبر کو دیگر اداکاروں نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر شیئر کیا اور ان کی مغفرت کی دعا کی ہے۔

فیصل قریشی نے لکھا کہ ’اللہ حافظ سر، اللہ پاک درجات بلند فرمائے‘۔

نامور اداکار و پروفیسر دانش نواز نے بھی اداکار کی تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ آپ کے ساتھ کام کرکے بہت اچھا لگا۔