خلاصہ
- لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب کے تعلیمی اداروں میں کھیلوں کی سرگرمیوں کی بحالی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
وزیر تعلیم رانا سکندر حیات کی زیر صدارت محکمہ تعلیم کا اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا، جس میں پنجاب کے تعلیمی اداروں میں کھیلوں کی سرگرمیوں کی بحالی کا فیصلہ کیا گیا۔
اجلاس میں تمام سکولوں میں اکتوبر سے دسمبر تک میگا سپورٹس ایونٹ منعقد کرنے کی منظوری دی گئی۔
وزیرتعلیم پنجاب کا کہنا تھا کہ پبلک سکولوں کے درمیان تحصیل، ڈسٹرکٹ، ڈویژن اور صوبائی سطح پر کھیلوں کے مقابلے منعقد ہوں گے، دسمبر میں فائنل ایونٹ ہوگا، میزبانی لاہور بورڈ کرے گا۔
رانا سکندر حیات نے انعامی رقم بڑھا کر 5 لاکھ، 3 لاکھ اور 1 لاکھ مقرر کرنے کی ہدایت کی ہے، ہر کیٹیگری کے طلباء کیلئے الگ الگ رقم مختص ہوگی۔
صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ کھیلوں میں حصہ لینے والے طلباء اور طالبات دونوں کیلئے الگ الگ انعامی رقم مختص کی جائے، گراس روٹ لیول پر صلاحیتوں کی پرورش کریں گے، جو ٹیلنٹ دکھائے گا، اسے قومی اور بین الاقوامی سطح پر مواقع مہیا کرنے کے ساتھ ساتھ مکمل سپورٹ کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ کبھی سکول کھیلوں کی نرسریاں تھے، ملک کو بہترین کھلاڑی دیئے، کھیلوں کی سرگرمیاں بحال کرنے کا اقدام طلباء کی تعلیمی دلچسپی میں بھی اضافہ کرے گا۔
وزیر تعلیم نے اجلاس کو سپورٹس کٹ کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہ کرنے کی ہدایت کی۔
بریفنگ میں وزیرتعلیم کو بتایا گیا کہ تمام 35 ہزار سکولوں میں سپورٹس کمیٹیاں بنا دی گئی ہیں، اب تک 450 سکولوں میں کھیلوں کا سامان فراہم کر دیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سپورٹس سرگرمیوں کا انعقاد تعلیمی بورڈز کا مینڈیٹ ہے، اسے ہر صورت جاری رکھا جائے، اگلے سال کھیلوں کی بحالی کے مشن میں نجی سکولوں کو بھی برابر شامل کیا جائے، کھیلوں کی طرح سکولوں میں ہم نصابی سرگرمیاں بھی جلد بحال کی جائیں گی۔
رانا سکندر حیات نے ہدایت کی کہ تعلیمی اداروں میں کھیلوں اور ہم نصابی سرگرمیوں کے فروغ کیلئے آئندہ 3 سالوں کی پالیسی بنائی جائے۔