لاہور: (دنیا نیوز) شہنشائے غزل مہدی حسن کو اپنے پرستاروں سے بچھڑے 11 برس بیت گئے۔
نامور گلوکار نے 25 ہزار سے زائد گیت اور غزلیں گا کر برصغیر پاک وہند میں کروڑوں مداحوں کے دلوں پر راج کیا اور فنی خدمات کے اعتراف میں انہیں حکومت کی جانب سے تمغہ امتیاز، ستارہ امتیاز، پرائیڈ آف پرفارمنس اور نگار ایوارڈ سمیت متعدد اعزازات سے بھی نوازا گیا۔
مہدی حسن نے 18 جولائی 1927 کو بھارتی ریاست راجستھان میں معروف موسیقی گھرانے میں آنکھ کھولی، 1935 میں صرف آٹھ سال کی عمر میں گلوکاری کے میدان میں قدم رکھ دیا۔
قیام پاکستان کے بعد 20 سالہ مہدی حسن اہل خانہ کے ساتھ پاکستان آ گئے اور پنجاب کے شہر چیچہ وطنی میں محنت مزدوری کے طور پر سائیکلیں مرمت کرنے کا کام شروع کیا، وہ موٹر اور ٹریکٹر کے میکینک بھی رہے۔
مہدی حسن کو 1962 میں ریلیز ہونے والی فلم ”فرنگی“ میں گائی گئی غزل” گلوں میں رنگ بھرے“ سے شہرت ملی، طویل علالت کے بعد دنیائے موسیقی کے عظیم گلوکار مہدی حسن 13 جون 2012 کو ابدی نیند سو گئے۔