لاکھوں دلوں پر راج کرنیوالی اداکارہ نادرہ کو دنیا چھوڑے 28 برس گزر گئے

Published On 06 August,2023 10:03 am

لاہور: (دنیا نیوز) لاکھوں دلوں پر راج کرنے والی اداکارہ نادرہ کو دنیا چھوڑے 28 برس گزر گئے۔

فلمی دنیا کا چمکتا دمکتا ستارہ اداکارہ نادرہ 22 نومبر 1968ء کو لاہور میں پیدا ہوئیں، ان کی سب سے پہلی فلم ’’آخری جنگ‘‘ تھی، مگر’’نشان‘‘ پہلے ریلیز ہوگئی، اس لئے ریکارڈ میں ان کی پہلی فلم ’’نشان‘‘ آ گئی، انہوں نے بہت ہی مختصر عرصہ میں پاکستانی فلمی صنعت میں اپنے قدم جمائے، ان کا رقص کرنے کا انداز اور حسن کا جادو سر چڑھ کر بولتا تھا۔

نادرہ نے سلطان راہی، غلام محی الدین اور اسماعیل شاہ کے ساتھ عمدہ اداکاری کا مظاہرہ کیا، انہوں نے اپنی زیادہ تر فلموں میں ڈرامائی مناظر کو نہایت مہارت اور خوبصورتی کے ساتھ عکس بند کروایا۔

لالی ووڈ کی خوبرو اداکارہ نادرہ کا فلمی سفر صرف 8 سال تک رہا، ان کی مشہور فلموں میں ’’آخری جنگ، پتر شیراں دے، بادل، ناچے ناگن،میری آواز، کمانڈو ایکشن، مولا بخش، مفرور، جگا ڈاکو، مس اللہ رکھی، تیس مار خان، زخمی عورت شامل ہیں۔

نادرہ کی زیادہ تر فلمیں پنجابی زبان میں یا ڈبل ورژن تھیں، وہ اردو زبان کی فلم ’’میری آواز‘‘ میں بھی جلوہ گر ہوئیں اور ان پر عکس بند کئے گئے دو گانے بہت مشہور ہوئے تھے۔

اداکارہ نادرہ نے سونے کے تاجر اعجاز حسین سے شادی کی، جن سے ان کے دو بچے ہوئے، شادی کے بعد انہوں نے شوبز انڈسٹری کو خیر باد کہہ دیا تھا۔

نادرہ کو 6 اگست 1995ء کو لبرٹی مارکیٹ لاہور میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کر کے موت کے گھاٹ اتار دیا تھا۔