لاہور: (فہیم حیدر) معروف اداکارہ اقراء عزیز نے اپنے بیٹے کبیر کو زندگی کا حسین ترین حصہ قرار دیدیا۔
پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف ادکارہ اقراء عزیز نے دنیا نیوز کے مقبول ترین پروگرام "مذاق رات" میں شرکت کی جہاں انہوں نے اپنی اداکاری، کیریئر اور شادی سے متعلق گفتگو کی۔
میزبان عمران اشرف کے سوال کے جواب میں اقراء عزیز نے کہا ہے کہ بیٹا میری زندگی کا حسین ترین حصہ ہے، ماں بننے کے بعد میرا برداشت کا لیول بہت بہتر ہو گیا ہے، اب بیٹے کی حرکتیں دیکھ کر لگتا ہے کہ کوئی کچھ بھی کہے مجھے فرق نہیں پڑے گا میں سب برداشت کر لوں گی۔
ادکارہ کا مزید کہنا تھا کہ میں بہت لڑائیاں کرتی تھی اور دوستوں میں بھی بہت مشہور ہے کہ میں بولتی بہت ہوں، کبھی ہاتھا پائی والی لڑائی نہیں ہوئی لیکن زبان سے میں کوئی وار خالی نہیں جانے دیتی تھی۔
اقراء عزیز کا اپنے کیریئر سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ مشہور ڈرامہ "رانجھا رانجھا کردی" میرے دل کے قریب ترین ہے اور اسی ڈرامے میں اپنی اداکاری سے میں سب سے زیادہ لطف اندوز ہوئی ہوں۔
شو کے دوران انہوں نے شادی کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے انکشاف کیا کہ میں شروع سے ہی شادی کرنا چاہتی تھی مگر میرا ماننا تھا کہ انڈسٹری میں کبھی شادی نہیں کرنی لیکن یاسر سے ملنے کے بعد میرے خیالات بھی تبدیل ہو گئے، شوہر سے مل کر مجھے سمجھ آ گیا تھا کہ یہی بندہ ہے جس کے ساتھ زندگی خوشی سے گزار سکتی ہوں۔
اقراء عزیز نے اپنے شوہر کی تعریف کرتے ہوئے کہا ہے کہ یاسر حسین مجھے ہر کام میں بہت سپورٹ کرتے ہیں، یہاں تک کہ میں اداکاری میں ان سے مدد لیتی ہوں کیونکہ انہوں نے تھیڑ میں کام کیا ہے تو وہ بہت حاضر دماغ ہیں جس کا مجھے بھی فائد ہوتا ہے اور وہ میری مدد کرتے ہیں۔