ممبئی: (ویب ڈیسک) بالی وڈ کے دبنگ ہیرو سلمان خان نے کہا ہے کہ کیریئر بچانے کیلئے بوبی دیول اور سنجے دت جیسے اداکاروں کا سہارا لیا اور ان کے ساتھ کام شروع کیا۔
سلمان خان نے حال ہی میں ایک انٹرویو میں اپنے کیریئر سمیت شوبز انڈسٹری اور مستقبل کے اپنے ممکنہ منصوبوں پر بھی کھل کر بات کی۔
اداکار نے اپنے کیریئر پر بات کرتے ہوئے کہا کہ انہیں کبھی زیادہ اداکاروں کے ساتھ کام کرنے میں کوئی مسئلہ نہیں رہا ہے، انہوں نے ’نو انٹری‘ جیسی کئی ایسی فلمیں کی ہیں، جن میں بیک وقت تین سے چار ہیروز تھے۔
انہوں نے کہا کہ انہوں نے اپنے کیریئر میں انیل کپور، اکشے کمار، عامر خان اور شاہ رخ سمیت نئے اداکاروں کے ساتھ بھی کام کیا ہے اور انہیں دوسروں کے ساتھ کام کرنے میں کوئی مسئلہ نہیں رہا۔
سلمان خان نے اعتراف کیا کہ ان کے کیریئر میں ایک وقت ایسا آیا تھا جب لوگوں نے ان کی فلمیں دیکھنا چھوڑ دی تھیں جس کے بعد انہوں نے اس وقت کے مقبول اداکاروں سنجے دت اور بوبی دیول کے ساتھ بھی کام کیا۔
انہوں نے بتایا کہ انہوں نے سنجے کپور سے لے کر نئی نسل کے اداکاروں کے ساتھ بھی کام کیا جس کے بعد وہ دوبارہ لوگوں میں مقبول ہوئے اور لوگوں نے ان کی فلمیں دیکھنا شروع کیں۔
انہوں نے تاثر دیا کہ وہ خود کو سب سے بڑا سپر سٹار نہیں سمجھتے، وہ ہر کسی کے ساتھ کام کرتے ہیں۔
دبنگ خان نے اپنی شہرت پر بات کرتے ہوئے مداحوں سے اپیل کی کہ مداح ان کی تصاویر کے اوپر دودھ کی بھینٹ نہ چڑھائیں، ان کی تصاویر کو دودھ نہ پلایا جائے، کیوں کہ وہ حقیقت میں بھی دودھ نہیں پیتے۔