لاہور: (ویب ڈیسک) عالمی شہرت یافتہ اداکارہ سجل علی نے پاکستان میں ہراسانی کے بڑھتے ہوئے واقعات پر کہا ہے کہ میرا اس قوم اور ملک پر سے اعتماد ختم ہو رہا ہے۔
فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹا گرام پر اداکارہ سجل علی نے سٹوری شیئر کرتے ہوئے کراچی کے علاقے نارتھ کراچی میں پیش آنے والے ہراسانی کے حالیہ واقعے پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔
انہوں نے سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ایک خبر کو ری شیئر کیا ہے۔
خبر کے مطابق کراچی میں دن دہاڑے بچے کے ساتھ موٹر سائیکل پر سوار شخص نے راہ چلتی باحجاب خاتون کو جنسی طور پر ہراساں کیا۔
خیال رہے کہ اس واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے جبکہ اب سجل علی نے مذکورہ واقعے پر افسوس اور مایوسی کا اظہار کیا ہے۔
انہوں نے اپنی انسٹا سٹوری میں لکھا ہے کہ میرا اس قوم سے بھروسہ اور ملک پر سے اعتماد ختم ہو رہا ہے، یہ دیکھ کر مزید خوف آتا ہے کہ مردوں کے لیے عورتوں اور بچوں کو ہراساں کرنا کتنا عام ہو گیا ہے۔
اداکارہ نے یہ بھی لکھا ہے کہ میں مدد تو نہیں کر سکتی البتہ بہت مایوسی محسوس کر رہی ہوں کہ ہم کہاں جا رہے ہیں۔
واضح رہے کہ مذکورہ واقعہ یوم آزادی سے قبل 12 اگست کو پیش آیا تھا اور آخری اطلاعات تک پولیس ملزم کو گرفتار کرنے میں ناکام رہی تھی۔