لاہور: (ویب ڈیسک) معروف پاکستانی اداکارہ سائرہ یوسف نے کہا ہے اپنی زندگی سے خوش ہوں، فی الحال دوبارہ شادی کرنے کا کوئی اراداہ نہیں۔
حال ہی میں اداکارہ سائرہ یوسف ایک پوڈ کاسٹ میں شریک ہوئیں جہاں انہوں نے نجی زندگی اور کیریئر کے علاوہ طلاق کے بعد خواتین پر دوسری شادی کرنے کے دباؤ کے حوالے سے بھی کھل کر بات کی۔
سائرہ یوسف کا کہنا تھا کہ حال ہی میں ہمارے ملک میں طلاق کی شرح بڑھی ہے تو میرا خیال ہے کہ اب ہمارے بڑے اور کم سے کم میرے والدین تو اس بات کو قبول کر چُکے ہیں کہ انسان کے لیے ایک رشتہ ختم کرنے کے فوراً بعد نئی زندگی شروع کرنا آسان نہیں ہوتا۔
انہوں نے کہا کہ معاشرے کی طرف سے خواتین پر دوسری شادی کرنے کا دباؤ اب بھی اس لیے ڈالا جاتا ہے کیونکہ کسی بھی انسان کے لیے زندگی اکیلے گزارنا آسان نہیں ہے اور ہمارے معاشرے میں عورت کی زندگی میں مرد کی موجودگی کی اہمیت بھی بہت زیادہ ہے۔
سائرہ کا کہنا تھا کہ ان حقائق کے باوجود بھی اب ایسا لگتا ہے کہ ہمارے معاشرے میں لوگ اس بات کو قبول کرنا شروع ہو گئے ہیں کہ اگر کوئی عورت پہلی شادی کی ناکامی کے بعد دوسری شادی نہیں کرنا چاہتی تو بھی کوئی مسئلہ نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ میرے خیال میں شادی کرنے کا فیصلہ تب کرنا چاہیے جب انسان خود مختار ہو، جب وہ ذہنی و جذباتی طور پر شادی کرنے کے لیے تیار نہیں تو پھر بعد میں بہت مسئلے ہوتے ہیں، فی الحال میں اپنی زندگی میں بہت خوش ہوں اس لیے میرا دوسری شادی کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔