درویش صفت اداکار علی اعجاز کی چھٹی برسی منائی گئی

Published On 18 December,2024 09:14 am

لاہور: (دنیا نیوز) درویش صفت اداکار علی اعجاز کو مداحوں سے بچھڑے 6 برس بیت گئے۔

چلبلے، ہنس مکھ اور نرم مزاج اداکار علی اعجاز 1941ء میں لاہور میں پیدا ہوئے، فنی کیریئر کی شروعات ریڈیو پاکستان لاہور سے کی، 1964 ءمیں لاہور سے پاکستان ٹیلی ویژن کا آغاز ہوا تو سلسلے وار کھیل ’’لاکھوں میں تین‘‘ لائیو پیش کیا جانے لگا جس کے تین مرکزی کرداروں میں سے ایک علی اعجاز نے نبھایا اور ان کے منفرد کردار کو خاصی مقبولیت ملی۔

ٹی وی پلے ’’دبئی چلو‘‘ اور ’’خواجہ اینڈ سنز‘‘ نے تو علی اعجاز کی شہرت کو چار چاند لگا دیئے۔

عطاء الحق قاسمی کے لکھے ڈرامے ’’شب دیگ‘‘ میں علی اعجاز نے معروف اداکار سہیل اصغر کے ساتھ کام کیا اور مسٹر باجوہ کے کردار میں خود کو امر کر دیا۔

ٹی وی اور سٹیج کے بعد علی اعجاز نے فلم انڈسٹری میں انٹری دی اور اپنی جاندار اداکاری کی وجہ سے فلم نگری میں بھی چھا گئے، اداکار ننھا کے ساتھ ان کی جوڑی فلموں میں بے حد مقبول ہوئی، ان کی مشہور فلموں میں ’’انسانیت‘‘، ’’لیلیٰ مجنوں‘‘، ’’وحشی جٹ‘‘، ’’چور مچائے شور‘‘، ’’صاحب جی‘‘ اور ’’جوڑا‘‘ قابل ذکر ہیں۔

حکومتِ پاکستان نے 14 اگست 1993ء کو صدارتی تمغہ برائے حسن کارکردگی سے نوازا، علی اعجاز نے متعدد نگار ایوارڈز بھی اپنے نام کئے۔

درویش صفت اداکار علی اعجاز 18 دسمبر 2018ء کو حرکت قلب بند ہونے کی وجہ سے لاہور میں انتقال کر گئے۔