خلاصہ
- کراچی: (ویب ڈیسک) پاکستان کے سینئر اداکار، ہدایت کار اور تھیٹر کے معروف فنکار عثمان پیرزادہ نے اپنی زندگی پر بننے والی ممکنہ بائیوپک اور زیرِ تحریر سوانح عمری سے متعلق دلچسپ انکشافات کر دیے۔
عثمان پیرزادہ حال ہی میں ایک پروگرام میں شریک ہوئے، جہاں انہوں نے اپنی زندگی پر کتاب لکھنے اور مستقبل میں بائیوپک بنائے جانے کے امکان پر گفتگو کی۔
اپنی زندگی پر فلم بننے کی صورت میں اس کے عنوان سے متعلق سوال کے جواب میں عثمان پیرزادہ نے کہا کہ سب سے پہلے تو میری بائیوپک سنسر ہو جائے گی۔
انہوں نے بتایا کہ میں اس وقت اپنی کتاب بھی لکھ رہا ہوں اور مجھے سمجھ نہیں آتا کہ اس میں کون سے واقعات شامل کیے جائیں اور کس کو حذف کیا جائے۔
سینئر اداکار کا کہنا ہے کہ چونکہ یہ کتاب ہے، اس لیے اس میں سچ شامل ہونا چاہیے، بصورت دیگر اہم واقعات نہ لکھنے کی صورت میں قارئین کے ساتھ ناانصافی ہوگی۔
اپنی سوانح عمری سے متعلق عثمان پیرزادہ نے بتایا کہ میں اب بھی کتاب لکھنے کے مرحلے میں ہوں اور جب کوئی بات ذہن میں آتی ہے تو اسے لکھ لیتا ہوں، کتاب بہت اچھی شکل اختیار کر رہی ہے۔
عثمان پیرزادہ نے بتایا کہ بچے بھی مجھے مشورہ دیتے ہیں کہ یہ کتاب مداحوں کے لیے ضرور لکھنی چاہیے، کیونکہ لوگوں میں مطالعے کا رجحان کم ہوگیا ہے، آج کل لوگ کتابیں پڑھنے کے بجائے کمپیوٹر اور دیگر ذرائع میں زیادہ مصروف رہتے ہیں۔
انہوں نے موجودہ نسل کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ جین زی نے مطالعہ چھوڑ دیا ہے اور میری کتاب ایک طویل عرصے اور بہت سے واقعات پر محیط ہوگی۔
عثمان پیرزادہ نے کہا کہ یہ کتاب صرف میری نسل کے لیے نہیں بلکہ آنے والی نسل کے لیے بھی اہم ہو گی، کیونکہ میرے زمانے کا پاکستان آج کے پاکستان سے مختلف تھا، اس دور میں پاکستان بہت متحرک، جدید اور رنگا رنگ ملک تھا۔