فریال گوہر کا زندگی کی محبت سے متعلق افسوسناک انکشاف

فریال گوہر کا زندگی کی محبت سے متعلق افسوسناک انکشاف

ایک پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے فریال گوہر نے بتایا کہ وہ اپنی زندگی کی محبت سے منگنی کر چکی تھیں، جو فلسطینی شہری اور فلسطینی رہنما یاسر عرفات کے پائلٹ تھے۔

اداکارہ کے مطابق ایک مرتبہ ان کے منگیتر جس طیارے کو اڑا رہے تھے، دورانِ پرواز وہ شدید ریت کے طوفان میں پھنس گیا، طیارے میں ایندھن بھی اتنا نہیں تھا کہ بحفاظت لینڈنگ کی جاسکے۔

فریال گوہر نے بتایا کہ اس دوران ان کے منگیتر نے یاسر عرفات کو طیارے کے باتھ روم میں لے جا کر محفوظ کیا اور دروازہ سیل کردیا، یاسر عرفات کی جان بچانے کے لیے انہوں نے طیارے کو انتہائی خطرناک انداز میں نیچے کی جانب موڑا، تاہم اس کوشش میں وہ خود جان کی بازی ہار گئے۔

اداکارہ کے مطابق یہ المناک واقعہ ان کی شادی سے صرف دو ہفتے قبل پیش آیا، ان کے منگیتر کو ہسپتال منتقل کیا گیا، تاہم وہ راستے میں ہی انتقال کر گئے۔

فریال گوہر نے بتایا کہ ان کے منگیتر کے پاس ایک لاکٹ تھا جو انہوں نے انہیں دیا تھا اور اس پر ان کی ہونے والی شادی کی تاریخ کندہ تھی، انتقال سے قبل منگیتر نے یہ لاکٹ ایک پاکستانی ڈاکٹر کے حوالے کرتے ہوئے درخواست کی کہ اسے فریال گوہر تک پہنچا دیا جائے۔

اداکارہ کے مطابق کئی برس بعد وہ پاکستانی ڈاکٹر ان سے ملے اور انہیں منگیتر کی آخری نشانی وہی لاکٹ واپس کردیا۔

فریال گوہر نے اس واقعے کو اپنی زندگی کی ایسی دردناک یاد قرار دیا جسے وہ آج تک فراموش نہیں کرسکیں۔