مصباح ارشد مس یونیورس پاکستان منتخب، عالمی مقابلے میں نمائندگی کریں گی

مصباح ارشد مس یونیورس پاکستان منتخب، عالمی مقابلے میں نمائندگی کریں گی

مصباح ارشد کی کامیابی کا اعلان فلپائن میں منعقدہ تقریب کے دوران کیا گیا، جہاں مس یونیورس پاکستان کے فرنچائز مالک جوش یوگن نے انہیں اعزاز کی پٹی پہنائی جبکہ سابق مس یونیورس پاکستان روما ریاض نے تاج پہنایا۔

مصباح ارشد کا انتخاب آخری سوال کے بعد کیا گیا۔ فلپائن کے موسیقار اور اداکار بیلی مے نے ان سے پوچھا کہ اگر انہیں اپنی 10 سالہ اور 80 سالہ عمر والی شخصیت کے ساتھ ایک کمرے میں بٹھایا جائے تو ان میں سے کون ان سے زیادہ مشکل سوال کرے گی؟

مصباح ارشد نے جواب دیا کہ ان کی 10 سالہ شخصیت زیادہ مشکل سوال کرے گی، کیونکہ وہ ان سے پوچھے گی کہ زندگی آخر کیسی گزری۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ اپنی کم عمر شخصیت کو بتائیں گی کہ زندگی میں کئی مواقع پر ناکامی کا سامنا کرنا پڑا، تاہم اصل مقصد ہر بار دوبارہ اٹھ کھڑے ہونا ہے۔

انہوں نے زندگی کو ایک خوبصورت چکر قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہمیں زندگی کو صرف قبول نہیں کرنا چاہیے بلکہ اسے بھرپور انداز میں جینا چاہیے، کیونکہ آگ جتنی تیز ہوتی ہے، سونا اتنا ہی خالص ہوتا ہے۔

مصباح ارشد نفسیات کی طالبہ ہیں اور عالمی حسن کے مقابلوں میں شرکت کا سابقہ تجربہ بھی رکھتی ہیں۔ وہ 2023 میں جاپان میں ہونے والے مس انٹرنیشنل مقابلے میں پاکستان کی نمائندگی کرچکی ہیں، جبکہ 2024 میں پولینڈ میں ہونے والے مس سپرا نیشنل مقابلے میں بھی شریک ہوئی تھیں۔

اب مصباح ارشد پورٹو ریکو روانہ ہوں گی، جہاں وہ مس یونیورس کے 75ویں عالمی مقابلے میں پاکستان کی نمائندگی کریں گی۔

اپنی کامیابی پر پیغام میں مصباح ارشد نے کہا کہ ناکامی اس بات کا تعین نہیں کرتی کہ انسان فاتح ہے یا نہیں، بلکہ اصل کامیابی امید کو زندہ رکھنے، مسلسل کوشش کرنے اور ہر قدم کے ساتھ خود کو بہتر بنانے میں ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگرچہ انہیں تاج مل گیا ہے، تاہم ان کے لیے اصل انعام اس سفر کے تجربات، سیکھے گئے اسباق اور اس دوران ملنے والے لوگ ہیں۔