خلاصہ
- کراچی: (دنیا نیوز) آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی میں تیسرے ورلڈ کلچر فیسٹیول کی رنگارنگ سرگرمیاں دسویں روز بھی جاری رہیں۔
فیسٹیول کے دوران تھائی لینڈ کے روایتی اور کلاسیکی رقص کی خصوصی ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا، جس میں تھائی لینڈ کے معروف ڈانس گروپ ’’نتایا چولا‘‘ نے شرکاء کو رقص کی عملی تربیت دی۔
تھائی فنکاروں نے ورکشاپ کے دوران صدیوں پرانے شاہی اور کلاسیکی رقص کے گر سکھائے اور شرکاء کو تھائی کلاسیکی رقص کی باریکیوں اور ہاتھوں کے پیچیدہ انداز سے آگاہ کیا۔
روایتی ملبوسات میں ملبوس فنکاروں کی مسحور کن پرفارمنس نے شرکاء کو محظوظ کیا، ورکشاپ میں مقامی طلباء سمیت دیگر ممالک کے فنکاروں نے بھی بھرپور شرکت کی اور تھائی لینڈ کے ثقافتی رنگوں اور فنکاروں کی مہارت کو سراہا۔
فیسٹیول کے دسویں روز کا آغاز ’’آربٹ ڈانس بیٹل‘‘ کے آڈیشن راؤنڈ سے ہوا، جس کی میزبانی ناروے سے آئے معروف ڈانسر نوید رضوانی نے کی۔
ناروے کی ڈی جے کیتھرین کی ہپ ہاپ بیٹس پر نوجوانوں نے جوشیلے انداز میں رقص کیا، جبکہ معروف ڈانسر مانی چاؤ، نگہت چوہدری اور لوکاس ڈیوین نے ججز کے فرائض انجام دیے۔
ڈانس بیٹل کے آڈیشنز میں نوجوان رقاصوں اور شائقین نے بھرپور شرکت کی، اس دوران ہال تالیوں سے گونجتا رہا۔
شرکاء نے رقص کی مختلف اصناف میں اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا، سنسنی خیز مقابلوں کے بعد آربٹ ڈانس بیٹل کا فائنل راؤنڈ کل منعقد ہوگا۔