نئی دہلی: (ویب ڈیسک) بھارتی اداکار اور میزبان موہن کپور نے انتقال کی خبروں کو جعلی قرار دیتے ہوئے کہا ہےکہ وہ بالکل ٹھیک اور تندرست ہیں۔
خیال رہے کہ ایک بھارتی ویب سائٹ نے دعویٰ کیا تھاکہ موہن کپور چندی گڑھ میں کار حادثے میں ہلاک ہوگئے ہیں جس کے بعد سے ان کے مداحوں کی جانب سے سوشل میڈیا پر تعزیتی پوسٹس کا سلسلہ جاری تھا۔
تاہم اب اداکار نے خود اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ان افواہوں کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ وہ بالکل ٹھیک ہیں اور جو میرے نام سے ملتے شخص کی موت کی خبریں چل رہی ہیں میں اس پر نہایت افسردہ ہوں اور اس شخص کی روح اور گھر والوں کے سکون کے لیے دعاگو ہوں۔
موہن کپور نے مداحوں کا بھی شکریہ ادا کیا جنہوں نے ان کے لیے دعائیں کیں اور پریشان ہوئے۔
ایک انٹرویو میں اداکار نے غلط خبر پر سخت ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئےکہا کہ سب سے پہلے کی دوڑ میں غلط خبر دینا انتہائی افسوس ناک اور باعث شرم ہے۔