لاہور: (ویب ڈیسک) عالمی شہرت یافتہ گلوکار علی ظفر نے سیاسی پارٹی جوائن کرنے کی تردید کردی۔
گزشتہ روز سے سوشل میڈیا پر علی ظفر کی پہنی ایک جیکٹ وائرل ہو رہی تھی جس پر شیر آیا شیر آیا درج تھا، ساتھ ہی اس جیکٹ پر بلے کی تصویر نمایاں تھی۔
اس تصویر کو شیئر کرنے والے صارفین دعویٰ کررہے تھے کہ علی ظفر نے ن لیگ جوائن کرلی ہے، اب اس جیکٹ کو پہننے کی وجہ اور سیاسی پارٹی جوائن کرنے کے حوالے سے علی ظفر کا ردعمل سامنے آگیا ہے۔
ٹوئٹر پر اپنی ایک ویڈیو شیئر کرتے ہوئے علی ظفر نے بتایا کہ کل رات کو ٹورنٹو میں ہونے والے شو سے پہلے ساؤنڈ چیک کے لیے میں نے ایک ہوڈی پہنی تھی، اس ہوڈی کی تصویر سوشل میڈیا پر گھوم رہی ہے جس میں بتایا جارہا ہے کہ غالباً میں نے کوئی سیاسی پارٹی جوائن کرلی ہے۔
ہر چیز کو بغیر تحقیق کیے سیاسی رنگ دینا اور متنازعہ بنانا مناسب نہیں۔ غلط headline کے ساتھ شائع کی گئی تصویر کی اصل حقیقت۔ pic.twitter.com/hYTQu7IgmZ
— Ali Zafar (@AliZafarsays) May 1, 2023
علی ظفر نے ہوڈی پر نشان دکھاتے واضح کیا کہ درحقیقت یہ ہوڈی ہے اور اس پر بلا، شیر جیسے نشانات بھی ہیں، اس ہوڈی اور اس پر موجود سیاسی نشانات کو غلط رنگ نہ دیجیئے، میں ایک آرٹسٹ ہوں، جانے دیجیئے۔
علی ظفر نے اپنی ویڈیو شیئر کرنے کے ساتھ اس پوسٹ میں ایک کیپشن بھی درج کیا ہے کہ ہر چیز کو بغیر تحقیق کیے سیاسی رنگ دینا اور متنازع بنانا مناسب نہیں، غلط headline کے ساتھ شائع کی گئی تصویر کی اصل حقیقت۔