اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزارت برائے مذہبی امور نے عازمین حج سے آب زم زم کی مد میں اضافی پیسے وصول کرنے کی خبروں کی تردید کر دی۔
وفاقی وزیر برائے مذہبی امور سینیٹر طلحہ محمود نے کہا کہ آب زم زم کی مد میں کوئی اضافی رقم نہیں لی جائے گی، میں حج انتظامات کی نگرانی خود کر رہا ہوں، حج پیکیج میں آب زم زم کے پیسے شامل ہیں، عازمین سے پیکیج سے زیادہ کوئی رقم وصول نہیں کی جائے گی۔
یہ بھی پڑھیں: علی ظفر نے سیاسی پارٹی جوائن کرنے کی تردید کردی
انہوں نے کہا کہ آب زم زم سے متعلق اضافی پیسے وصول کرنے کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں، حج انتظامات میں کوئی کوتاہی برداشت نہیں کروں گا۔
دریں اثنا ترجمان وزارت مذہبی امور عمر بٹ نے واضح کیا کہ سعودی حکومت نے مخصوص پیکنگ والی آب زم زم کی بوتل کئی برس قبل شروع کی تھی، چند برس قبل حجاج زم زم کے کین خود بھرتے تھے جن کے لیک ہونے کی شکایات تھیں۔ ان کا کہنا تھاکہ آب زم زم کی رقم 2017 سے حج پیکیج میں شامل ہے۔