لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان کے نوجوان فاسٹ باؤلر نسیم شاہ نے اپنی مبینہ منگنی کی خبروں کو مسترد کرد یا۔
نسیم شاہ ان دنوں انگلش ٹی 20 لیگ کھیل رہے ہیں جبکہ ان کے حوالے سے گزشتہ کچھ عرصے سے سوشل میڈیا پر خبریں زیر گردش تھیں کہ کرکٹر کی منگنی ہو گئی ہے۔
اس حوالے سے فاسٹ باؤلر نے خود بھی ان افواہوں کی انسٹاگرام سٹوری کے ذریعے تردید کی تھی تاہم اب نجی ٹی وی سے گفتگو میں ایک بار پھر نسیم شاہ نے اس حوالے سے بات چیت کی ہے۔
نسیم شاہ نے کہا میری منگنی کی تمام افواہیں بالکل غلط ہیں کیونکہ ایسا کچھ نہیں ہوا، مجھے سمجھ نہیں آتی کہ سب میری منگنی یا شادی میں اتنی دلچسپی کیوں رکھتے ہیں؟ لوگ کرکٹ میں کھلاڑیوں کی کارکردگی پر توجہ دینے کے بجائے اچانک ان کی شادیوں اور مصروفیات پر کیوں توجہ مرکوز کر دیتے ہیں؟
فاسٹ باؤلر نے مداحوں کو مشورہ دیا کہ بس ہمیں کرکٹ کھیلتا دیکھیں اور اس سے لطف اندوز ہوں، شادی میرا ذاتی معاملہ ہے اور یہ تب ہی ہو گی جب قسمت میں ہو گا ۔