ممبئی: (ویب ڈیسک) بالی ووڈ کے معروف اداکار ابھیشیک بچن نے ایشوریا رائے سے طلاق کی خبروں کی تردید کر دی۔
بھارتی میڈیا پر گزشتہ ایک سال سے ایشوریا رائے اور ابھیشیک بچن کی طلاق کی خبریں سرگرم ہیں کیونکہ اس جوڑی کو اکثر تقریبات میں الگ الگ شرکت کرتے ہوئے دیکھا گیا ہے۔
تاہم اب ابھیشیک بچن نے غیر ملکی خبر رساں ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے اپنی طلاق کی خبروں کے بارے میں بات کی۔
میڈیا رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ ابھیشیک بچن نے گفتگو کرتے ہوئے اپنی شادی کی انگوٹھی دکھائی اور کہا کہ میں ابھی تک شادی شدہ ہوں۔
ابھیشیک بچن نے کہا کہ میرے پاس ان افواہوں کے بارے میں کہنے کے لیے کچھ نہیں ہے لیکن مجھے افسوس ہوتا ہے کہ لوگ تصدیق کے بغیر ایسی خبریں پھیلا دیتے ہیں۔