ابوظہبی: (ویب ڈیسک) ایران نے امارات میں اسرائیلی ربی کے قتل میں ملوث ہونے کی تردید کردی۔
ابوظہبی میں ایرانی سفارت خانے کا کہنا ہے کہ تہران متحدہ عرب امارات میں یہودی ربی زوی کوگان کے قتل میں خود کے ملوث ہونے کے دعوؤں کو مسترد کرتا ہے، یہ بات سفارت خانے نے ایک غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کو بتائی۔
واضح رہے کہ اس سے قبل اماراتی وزارت داخلہ نے اعلان کیا تھا کہ ریاست میں مقیم زوی کوگان کے قتل میں ملوث مجرموں کو ریکارڈ مدت میں گرفتار کر لیا گیا، سفری دستاویزات کے مطابق کوگان مالدووا کی شہریت کے ساتھ امارات میں داخل ہوا تھا۔
دوسری جانب اماراتی وزارت داخلہ نے باور کرایا ہے کہ وہ معاشرے میں امن و استحکام کو ضرر پہنچانے کی کوشش کرنے والے ہر فرد سے بھرپور طریقے سے نمٹنے کی صلاحیت رکھتے ہیں، وزارت نے بتایا کہ مقتول ربی کے گھر والوں نے اس کے لاپتہ ہونے کی اطلاع دی تھی جس کے بعد اس کی تلاش کے لیے ٹیم تشکیل دے دی گئی۔
اماراتی وزارت داخلہ کے مطابق تحقیقات کے نتیجے میں لاپتہ شخص کی لاش مل گئی اور مجرموں کی شناخت بھی کر لی گئی، مجرموں کو پکڑنے کے بعد مطلوبہ قانونی اقدامات شروع کر دیئے گئے، تحقیقات مکمل ہونے کے بعد واقعہ کی تمام تفصیلات کا اعلان کیا جائے گا۔
وزارت داخلہ نے باور کرایا ہے کہ امارات کی ریاست اپنے تمام اداروں کے ساتھ مل کر اپنے شہریوں، مقیم افراد اور یہاں آنے والوں کو تحفظ فراہم کرنے کے لئے کوئی کسر نہیں چھوڑتی، تمام سیکورٹی ادارے چوبیس گھنٹے معاشرے میں امن و امان یقینی بنانے کے لیے کام کرتے ہیں۔
وزارت نے خبردار کیا کہ وہ معاشرے میں امن و استحکام کے بگاڑ کا سبب بننے والے ہر فرد کے ساتھ نمٹنے کے لیے اپنے تمام قانونی اختیارات کا استعمال کرے گی۔