اسلام آباد: (دنیا نیوز) فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی تاریخ ختم ہونے سے چند روز قبل ٹیکس فارم میں تبدیلی سے متعلق خبروں کی تردید کردی۔
ایف بی آر کی جانب سے انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی آخری تاریخ 30 ستمبر بتائی گئی ہے تاہم ڈیڈ لائن سے چند روز قبل انکم ٹیکس فارم میں ایک کالم کا اضافہ کرنے کی خبر سامنے آئی ہے۔
سوشل میڈیا پر موجود خبروں کے مطابق ٹیکس ریٹرن جمع کرانے والوں کے لیے آئرس فارم میں تبدیلی کی گئی ہے اور ایف بی آر نے گوشواروں میں اثاثوں کی مارکیٹ ویلیو ظاہر کرنا لازمی قرار دے دیا ہے۔
دوسری جانب ایف بی آر کا اس حوالے سے بتانا ہے کہ کوئی نیا ایس آر او جاری نہیں کیا گیا، نئے کالم کا اضافہ 18 اگست کو کیا گیا تھا، نئے کالم کا مقصد اثاثہ جات کی مارکیٹ ویلیو کا تعین کرکےمستند ڈیٹا سےبہترپالیسی بناناہے۔
ایف بی آر کے مطابق اثاثہ جات کی مارکیٹ ویلیو کے تعین کا ٹیکس معاملات سے کوئی تعلق نہیں، اس کو بنیاد بنا کر کسی ٹیکس دہندہ کے خلاف کارروائی نہیں ہو گی، انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی آخری تاریخ 30 ستمبر ہے۔
ٹیکس دہندگان نے اس معاملے پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ جو لوگ اپنے گوشوارے جمع کروا چکے ان کو دوبارہ جمع کروانے ہوں گے، اضافی کالم بھرے بغیر نئے فارم مکمل نہیں ہوں گے۔