راولپنڈی: (ویب ڈیسک) جیل ذرائع کی جانب سے سابق وزیراعظم عمران خان کو اڈیالہ سے کہیں اور منتقل کیے جانے پر غور کی تردید کردی گئی۔
اڈیالہ جیل ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان کو اڈیالہ جیل سے کہیں اور منتقلی کی کوئی بات زیر غور نہیں ہے، ان کی اڈیالہ جیل سے منتقلی کی افواہوں میں کوئی صداقت نہیں، عمران خان کی اڈیالہ جیل سے منتقلی کی خبریں قیاس آرائیوں کے سوا کچھ نہیں۔
جیل ذرائع نے کہا ہے کہ سابق وزیراعظم اڈیالہ جیل میں موجود ہیں جہاں ان کا مکمل خیال رکھا جاتا ہے، پمز ہسپتال کے پانچ ڈاکٹرز کی ٹیم نے حال ہی میں بانی پی ٹی آئی کا مکمل طبی معائنہ کیا، عمران خان مکمل طور پر صحت مند ہیں، ان کی سکیورٹی اور کھانے کا مکمل خیال رکھا جاتا ہے۔
واضح رہے کہ گزشہ روز اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر برائے اطلاعات اختیار ولی نے کہا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف کے بانی چیئرمین عمران خان کو کسی اور صوبے کی جیل میں منتقل کرنے پر غور شروع کیا جا چکا ہے کیوں کہ اڈیالہ جیل کے باہر مسلسل احتجاج نے شہریوں کی زندگی مشکل بنا دی، اس صورتحال میں حکومت کو سکیورٹی و انتظامی اقدامات پر نظرثانی کرنا پڑ رہی ہے۔



