راولپنڈی: (دنیا نیوز) پولیس نے اڈیالہ جیل کے قریب دھرنے پر بیٹھیں بانی پی ٹی آئی عمران خان کی بہنوں کو گرفتاری کے بعد چکری انٹرچینج پر رہا کر دیا۔
بانی پی ٹی آئی کی بہنیں علیمہ خان، عظمیٰ خان اور نورین خان گزشتہ روز اڈیالہ جیل پہنچیں تاہم ملاقات کی اجازت نہ ملنے پر انہوں نے فیکٹری ناکے پر دھرنا دے دیا، اس دوران تحریک انصاف کے دیگر رہنما اور کارکنان بھی وہاں جمع ہو گئے۔
رات گئے پولیس نے دھرنے کے شرکاء کو منتشر کرتے ہوئے بانی پی ٹی آئی کی بہنوں کو گرفتار کر لیا، تاہم تھوڑی ہی دیر بعد انہیں چکری انٹرچینج پر رہا کر دیا گیا، رہائی کے بعد عمران خان کی بہنیں اور دیگر پارٹی رہنما گھروں کو روانہ ہوگئے۔
قبل ازیں علیمہ خان نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ مذاکرات کی پیش کش تحریک تحفظ آئین نے نہیں بلکہ وزیراعظم نے کی ہے، بانی پی ٹی آئی نے سڑکوں پر نکلنے کا کہا ہے، بہت جلد لوگ سٹریٹ موومنٹ میں سڑکوں پر ہوں گے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم عمران خان کو اکیلا نہیں چھوڑیں گے، وہ جیل میں اپنے لیے نہیں بلکہ سب کیلئے بیٹھے ہیں، یہ لوگ ڈرے ہوئے ہیں کیونکہ سہیل آفریدی کے دورے میں پورے لاہور کو بند کر دیا گیا۔



