راولپنڈی: (دنیا نیوز) سربراہ مجلس وحدت المسلمین علامہ ناصر عباس نے کہا ہے کہ اس وقت پاکستان میں کوئی فیڈریشن نہیں ہے، موجودہ حکمران ملک کو توڑنا چاہتے ہیں، ان سے نجات پانا ہر پاکستانی کی ذمہ داری ہے تاکہ پاکستان فیڈریشن بچ سکے۔
راولپنڈی میں پی ٹی آئی کے دھرنے کے مقام پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مجلس وحدت المسلمین کے سربراہ علامہ ناصر عباس نے کہا کہ ظلم کے خلاف ریزسٹ کرنا فرض ہوتا ہے، اگر ظالموں کے مقابلے میں چپ رہیں تو وہ مزید دلیر ہوتے ہیں، اس وقت پاکستان ایک ایسے مافیا کے ہاتھ میں جو ظالم بھی ہے اور بے رحم بھی۔
انہوں نے کہا کہ اس مافیا کے اندر انسانیت نام کی کوئی چیز نہیں ہے، یہ ہمیں بنیادی انسانی حقوق سے محروم کر رہے ہیں، قیدیوں کو ان کے حقوق سے محروم کر رہے ہیں، پاکستان کے عوام کے الیکٹڈ نمائندے یہ نہیں ہیں، یہ گھس بیٹھیے ہیں، یہ ظالم ہیں، قاتل ہیں، بے رحم ہیں، ان سے اس وطن کی جان چھڑوانا ہر پاکستانی کی ذمہ داری ہے۔
علامہ ناصر عباس نے کہا کہ وزیراعلیٰ کے پی یہاں آئے ہوئے ہیں، ایک صوبے کے وزیراعلیٰ ہیں جہاں پر مشکلات ہیں، مسائل ہیں، وہ اپنے لیڈر سے ملنا چاہتے ہیں، وزیر اعلیٰ ان سے گائیڈ لائن لینا چاہتے ہیں، یہ اتنے عجیب و غریب قسم کے حکمران ہیں، ان کو کے پی کی پرواہ ہی نہیں ہے۔
سربراہ مجلس وحدت المسلمین کا مزید کہنا تھا کہ وزیر اعظم سے کہو کہ ملاقات کراؤ تو وہ کہتا ہے پوچھ کے بتاتا ہوں، اب سوچیں یہ ہیں ہمارے حکمران، ایسے لوگ ہم پر مسلط ہیں، جب عوام کے رائے کو ٹھکرا کر ڈاکہ ڈال کر مسلط ہوں گے پھر یہی حکمران ہوں گے، یہ بھکاری کمزور، چھوٹے، حقیر اور بے بس لوگ ہیں، یہ دھبہ ہے پاکستان کے نام پر۔

