خلاصہ
- گلگت: (دنیا نیوز) گلگت بلتستان میں انتخابات ہوں گے یا نہیں؟ چیف الیکشن کمشنر گلگت بلتستان راجہ شہباز خان نے حقیقت بتا دی۔
پریس کانفرنس کرتے ہوئے چیف الیکشن کمشنر گلگت بلتستان راجہ شہباز خان کا کہنا تھا کہ گلگت بلتستان میں انتخابات اپنے مقررہ وقت پر ہوں گے، انتخابات ملتوی ہونے کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں۔
چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ تمام انتخابی فہرستیں صاف، شفاف اور درست ہیں، 10 اپریل 2026 کو جاری انتخابی فہرستوں کے مطابق ہی انتخابات ہوں گے۔
راجہ شہباز خان نے کہا کہ انتخابی فہرستوں سے متعلق میڈیا پر چلنے والی خبریں بے بنیاد اور غلط ہیں، عوام کو گمراہ کرنے والی خبروں کی مذمت کرتا ہوں۔
چیف الیکشن کمشنر نے کہا ہے کہ سوشل میڈیا پر خبریں نشر کرنے سے قبل تصدیق ضروری ہے، گلگت بلتستان کے انتخابات صاف، شفاف اور غیر جانبدار ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ ووٹر لسٹیں تصاویر کے ساتھ پرنٹ ہو چکی ہیں، ووٹر لسٹیں انتخابات سے دو روز قبل آر اوز کے ذریعے پریذائیڈنگ افسران کو فراہم کی جائیں گی۔
چیف الیکشن کمشنر گلگت بلتستان راجہ شہباز خان نے کہا کہ انتخابی فہرستوں سے متعلق پھیلائی جانے والی افواہیں قابل مذمت ہیں۔