بیجنگ: (ویب ڈیسک) فرانسیسی خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ کے مطابق ایک نئی تحقیق میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ کورونا وائرس کے جراثیم مریض سے 13 فٹ دور تک سفر کر سکتے ہیں۔
چینی سائنسدانوں کی جانب سے کی گئی تحقیق کے ابتدائی نتائج امریکی ریسرچ جرنل میں شائع ہوئے ہیں۔ چین کی ملٹری میڈیکل سائنس اکیڈمی کی ٹیم نے ووہان میں ایک ہسپتال کے انتائی نگہداشت کے وارڈ کے فضائی نمونوں کا ٹیسٹ کیا تھا۔ اس وارڈ میں کورونا کے 24 مریض زیر علاج تھے۔
تحقیقاتی اداروں کی عموماً ہدایات کے مطابق کورونا کے جراثیم سے بچنے کے لیے مریض سے کم از کم چھ فٹ کا فاصلہ رکھنا چاہیے لیکن اس نئی تحقیق سے وائرس کا نیا پہلو سامنے آیا ہے کہ حقیقت میں کورونا کس طرح سے پھیلتا اور ایک سے دوسرے میں منتقل ہوتا ہے۔
نئی تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ وائرس کے جراثیم زیادہ تر وراڈ کے فرش پر پائے گئے تھے یا پھر ایسی جگہوں پر جن کو زیادہ سے زیادہ ہاتھ لگایا جاتا ہو، جیسے کمپیوٹر کا ماؤس، گند کی باسکٹ، دروازے کا ہینڈل یا مریض کے بیڈ کی ریلنگ۔
خبر رساں ادارے کے مطابق انتہائی نگہداشت وارڈ میں کام کرنے والے طبی عملے کے جوتوں کے تلوؤں سے بھی نمونے لیے گئے تھے جن میں وائرس کے ذرات موجود ہونے کے شواہد ملے۔
سائنسدانوں کا کہنا ہے کہ ممکن ہے کہ طبی عملے کے جوتوں سے وائرس ایک جگہ سے دوسری جگہ منتقل ہونے کا ذریعہ بنا ہو۔
تحقیق میں لکھا گیا ہے کہ وارڈ میں کوئی بھی طبی عملہ وائرس سے متاثر نہیں ہوا تھا جس سے معلوم ہوتا ہے کہ اگر مناسب احتیاط برتی جائے تو وائرس سے بچا جا سکتا ہے۔
تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ وائرس کے جراثیم مریض سے 13 فٹ آگے تک سفر کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں جبکہ مریض سے صرف آٹھ فٹ اوپر تک فضا میں جا سکتے ہیں وہ بھی انتہائی کم مقدار میں۔
تحقیق کے مطابق جراثیم کی ہوا میں سفر کرنے کی صلاحیت کو دیکھتے ہوئے کورونا کے مریضوں کو گھر میں آئسولیشن میں رکھنا شاید بہترین حکمت عملی نہ ہو۔
وائرس کی فضا میں موجودگی سائنسدانوں کے لیے متنازع موضوع ہے اور فی الحال اس حوالے سے کوئی واضح تحقیق سامنے نہیں آ سکی ہے جس پر تمام سائنسدانوں کا اتفاق ہو۔
یہ واضح نہیں کہ فضا میں کم مقدار میں موجود جراثیم کس حد تک بیماری پھیلا سکتے ہیں۔ جبکہ اس سے پہلے سائنسدان کہہ چکے ہیں کہ فاصلے پر موجود وائرس کے چند ذرات نقصان دہ نہیں ہوتے۔
اے ایف پی کے مطابق عالمی ادارہ صحت وائرس سے جڑے خطرات کو بڑھا چڑھا کر پیش کرنے سے گریز کر رہا ہے۔ لیکن امریکی صحت کے ادارے اپنے شہریوں کو زیادہ احتیاط برتنے اور باہر نکلتے ہوئے ماسک پہننے کی ہدایت کر رہے ہیں۔