کراچی: (دنیا نیوز) کورونا کی پانچویں لہر کے دوران کراچی میں کیسز کی شرح 28.8 فیصد پر پہنچ گئی۔
کورونا کی پانچویں لہر سے کراچی میں کیسز کی شرح میں ہوشربا اضافہ ہونے لگا۔ محکمہ صحت کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں مثبت کیسز کی شرح 28.8 فیصد رپورٹ ہوٸی ہے جبکہ سندھ میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں 2289 کیسز رپورٹ ہوٸے جن میں سے 2081 کیسز کا تعلق کراچی سے ہے۔
محکمہ صحت کہ رپورٹ کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں سندھ میں 2 افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ 172مریضوں کی حالت تشویشناک جبکہ 14مریض وینٹیلیٹر پر زیر علاج ہیں۔ رپورٹ ہونے والے کیسز میں سے 95 فیصد اومی کرون ہیں۔ محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ شہری ویکسی نیشن کروائیں اور بوسٹر ڈوز لگوائیں۔