دماغ کو مضبوط اور توانا کیسے رکھا جائے؟

Published On 21 January,2023 11:56 am

لندن: (ویب ڈیسک ) عمر بڑھنے کے ساتھ دماغی اور نفسیاتی صلاحیتوں میں کمی آجاتی ہے لیکن بعض چھوٹی چھوٹی عادات اپنا کر دماغ کو طویل عرصے تک توانا و مضبوط رکھا جاسکتا ہے۔

 نیوروسائنس کے ماہرین، نفسیاتی معالجین اور ڈاکٹرز نے اپنے تجربات کی روشنی میں مختلف چھوٹی عادات ، مشاغل اور طریقہ کار بتائے ہیں جنہیں اپنا کر عمر کے ساتھ ساتھ دماغ کے انحطاط کو کم کیا جاسکتا ہے اور اگر اس کی مستقل عادت ہو جائے تو دیر تک دماغ کو تندرست رکھا جاسکتا ہے ۔

برطانیہ میں الزائیمر تحقیق سے وابستہ افراد کا کہنا ہے کہ اپنے آپ کو مصروف رکھیں ، دوستوں کوفون کیجیے، خواہ وہ آپ کو فون کرتے ہیں یا نہیں لیکن اس سے دماغ پر مثبت اثرات مرتب ہوتے ہیں۔

دوسری جانب فارغ وقت میں لفظی معمے (ورڈ پزل) حل کیجیے یا اگر زیادہ وقت ہو تو شطرنج کھیلیں کیونکہ اس سے دماغی صلاحیتیں بیدار ہوتی ہیں۔

اگر گھر سے باہر جارہے ہیں تو سواری کے بجائے پیدل چلیے، ورنہ ایک اسٹاپ پہلے اتر کر گھر پیدل پہنچیں ، گھر کی صفائی ستھرائی میں دلچسپی بڑھائیے اور باغبانی کیجیے ، مصوری، ڈرائنگ اور موسیقی دیگر مشاغل میں دلچسپی لیتے ہیں تو انہیں اپنائیں اور کتب بینی کیلئے بھی وقت نکالیں ۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ دماغ کو جتنا استعمال کیا جائے وہ اتنا ہی توانا رہتا ہے اور اسی لیے کوشش کی جائے کہ نئی زبان سیکھیں، خواہ آپ عمر کے کسی بھی حصے میں ہی کیوں نہ ہوں ، پرانے دوستوں کو بلائیں اور ان کے ساتھ کوئی سیروتفریح کا منصوبہ بنائیں ۔

اسی طرح کھانے پینے میں مٹھاس اور شکر کے استعمال میں کمی سے نہ صرف دماغی امراض بلکہ کئی اقسام کی بیماریوں کو روکا جاسکتا ہے، علاوہ ازیں تمباکو نوشی مکمل طور پر ترک کردیں اور صبح میں کافی پینے کی عادت اپنائیں۔

ماہرین کہتے ہیں کہ نیند کی اہمیت کو سمجھیے اور مکمل نیند لیں ، جتنا ممکن ہو سرگرم رہیں اور مسلسل بیٹھے رہنے سے اجتناب کیجیے، پُرفضا اور سبزے کی جگہ پر وقت گزارنے سے بھی دماغ و ذہن پر اچھے اثرات مرتب ہوتے ہیں ، اگر سماعت یا نظر میں کمی ہورہی ہے تو اس پر ضرور توجہ دیں اور ڈاکٹر سے رجوع کیجیے۔

لوگوں سے ہمدردانہ گفتگو کیجیے، رضاکارانہ کاموں میں حصہ لیں اور چھوٹی چھوٹی خوشیوں کو ضائع نہ کیجیے ، ماہرین کا ماننا ہے کہ یہ چھوٹی اور مثبت عادات دماغ کےلیے بہت مفید ہیں اور ان میں سے زیادہ سے زیادہ طریقوں پر عمل کرنا صحت کیلئے ہر لحاظ سے فائدہ مند ہے ۔
 

Advertisement