کوئٹہ : (ویب ڈیسک ) بلوچستان کے متعدد اضلاع ایک بار پھر کانگو وائرس کی لپیٹ میں آگئے ہیں جہاں اس وائرس سے خواتین اور بچوں سمیت 6 افراد جان کی بازی ہارچکے ہیں ۔
تفصیلات کے مطابق بلوچستان میں رواں سال کے دوران کانگو وائرس کے 35 کیسز رپو رٹ ہوئے ہیں جن میں سے 6 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔
ایسا پہلی بار نہیں ہواہے کہ بلوچستان میں کانگو وائرس کی وبا پھوٹی ہے بلکہ 80 کی دہائی کے آخر اور 90 کی دہائی کے وسط میں بھی اس وبا سےدرجنوں افراد جاں بحق ہوچکے ہیں ۔
صوبائی حکومت کی اس وائرس کے پھیلاؤ اور روک تھام کے حوالے سے دلچسپی کا اندازہ اس بات لگایا جاسکتا ہے کہ صوبے میں 4 دہائیوں سے کوئی ریسرچ سیل ہی قائم نہیں ہوسکا۔
2001 سے 2023 کے دوران تقریباً ہر سال ہی لورالائی اور موسیٰ خیل اضلاع سے کانگو وائرس کے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔
متاثرہ افراد کی یہ شکایت عام ہے کہ صوبائی حکومت صوبے کے اضلاع میں متاثرین کے علاج اور جانوروں کے حفاظتی اقدامات کے حوالے سے کچھ نہیں کرسکی ۔