لاہور : (دنیانیوز) صوبائی دارالحکومت لاہور سمیت پنجاب میں گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران صوبے بھر میں 139 نئے مریضوں میں ڈینگی کی تصدیق ہوئی ہے ۔
محکمہ صحت کے مطابق رواں سال پنجاب کے 36 اضلاع میں 4053 مریضوں میں ڈینگی کی تصدیق ہوئی ہے ، لاہور میں گزشتہ روز 54 نئے مریض سامنے آئے ہیں ، جس کے بعد رواں سال لاہور میں ڈینگی کے 1641 کنفرم مریض رپورٹ ہوئے ہیں ۔
سیکرٹری ہیلتھ لاہور کے مطابق رواں سال راولپنڈی میں ڈینگی کے کل ایک ہزار 37 مریض رپورٹ ہوئے ہیں، راولپنڈی میں گزشتہ روز 45 نئے مریضوں میں ڈینگی کی تصدیق ہوئی۔
ملتان میں گزشتہ روز 12 نئے ڈینگی مریضوں کی تصدیق ہوئی جس کے بعد ملتان میں ڈینگی کے کل مریضوں کی تعداد 503 ہوگئی ، فیصل آباد میں ڈینگی کے کل 190 مریض ، گوجرانوالہ میں 6 نئے کیسز کے بعد 163 مریض رپورٹ ہوئے ہیں ۔
شیخوپورہ ، میں گزشتہ روز ڈینگی کے تین ، قصور، گجرات ،نارووال، ساہیوال اور وہاڑی میں دو ، دو نئے مریض سامنے آئے۔
سیکرٹری ہیلتھ لاہور کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران مظفرگڑھ ، چکوال، ٹوبہ ٹیک سنگھ ،منڈی بہاؤ الدین ، راجن پور اور بھکر میں ڈینگی کا ایک ایک نیا مریض رپورٹ ہوا۔
پنجاب بھر کے ہسپتالوں میں اس وقت ڈینگی کے کل 149 مریض زیر علاج ہیں، لاہور کے ہسپتالوں میں اس وقت ڈینگی کے کل 55 مریض زیر علاج ہیں۔
سیکرٹری ہیلتھ کے مطابق ڈینگی سے بچنے کے لئے شہری اپنے ماحول کو صاف اور خشک رکھیں، ڈینگی کی روک تھام کے لئے شہری محکمہ صحت کی ٹیموں سے تعاون کریں ، ڈینگی بخار کے علاج ، معلومات یا شکایات کے لئے محکمہ صحت کی فری ہیلپ لائن 1033 پر رابطہ کریں۔