لاہور: (دنیانیوز) پنجاب میں ڈینگی کے وار جاری ہیں ، گز شتہ 24 گھنٹے کے دوران 167 نئے مریضوں میں ڈینگی کی تصدیق ہوئی، جس کے بعد رواں سال صوبے کے 36 اضلاع میں ڈینگی کے 11ہزار تین سو 55 کنفرم مریض رپورٹ ہوئے۔
سیکرٹری صحت علی جان خان کے مطابق لاہور میں گزشتہ روز 75 نئے مریض سامنے آئے ، رواں سال لاہور میں ڈینگی کے 4943 کنفرم مریض رپورٹ ہوئے ہیں ۔
سیکرٹری صحت کاکہنا ہے کہ راولپنڈی میں گزشتہ روز 11 نئے مریضوں میں ڈینگی کی تصدیق ہوئی ، ملتان میں 20 ، گوجرانوالہ میں 36 ، فیصل آباد میں 14 نئے ڈینگی مریضوں کی تصدیق ہوئی۔
شیخو پورہ میں گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران ڈینگی کے تین نئے مریض سامنے آئے، جبکہ اٹک، مظفرگڑھ اور خانیوال میں ڈینگی کے دو ، دو ، ساہیوال اور رحیم یار خان میں ڈینگی کا ایک ایک نیا مریض سامنے آیا۔
سیکرٹری صحت علی جان خان کے مطابق پنجاب بھر کے ہسپتالوں میں اس وقت ڈینگی کے کل 145 مریض زیر علاج ہیں ، ضلع لاہور کے ہسپتالوں میں اس وقت ڈینگی کے کل 87 مریض زیر علاج ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ ڈینگی سے بچنے کے لئے شہری اپنے ماحول کو صاف اور خشک رکھیں ، ڈینگی کی روک تھام کے لئے شہری محکمہ صحت کی ٹیموں سے تعاون کریں، ڈینگی بخار کے علاج ، معلومات یا شکایات کے لئے محکمہ صحت کی فری ہیلپ لائن 1033 پر رابطہ کریں۔