اسلام آباد: (دنیا نیوز) نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ اور بل اینڈ میلنڈا گیٹس فاؤنڈیشن کے شریک چیئرمین مسٹر بل گیٹس کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا، پاکستان سے پولیو کے خاتمے کے لئے جاری کوششوں میں پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
نگران وزیراعظم نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی اجلاس کے موقع پر ہوئی اپنی ملاقات کا ذکر بھی کیا، نگران وزیراعظم نے پاکستان کو پولیو سے محفوظ ملک بنانے کی حکومت کی کوششوں میں گیٹس فاؤنڈیشن کے تعاون کو سراہا، انوارالحق کاکڑ نے پولیو وائرس سے نجات دلانے کے لئے پاکستان کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا۔
انوارالحق کاکڑ نے بل گیٹس کو ملک بھر میں جاری پولیو ویکسی نیشن مہم کے بارے میں آگاہ کیا، دونوں رہنماؤں کی غذائی قلت کے مسائل اور میٹرنل ہیلتھ کے موضوعات پر بھی گفتگو ہوئی، انوارالحق کاکڑ نے حکومت اور بی ایم جی ایف کے درمیان بہترین تعاون پر اطمینان کا اظہار کیا۔
انوارالحق کاکڑ نے کہا کہ پاکستان ایک صحت مند اور محفوظ پاکستان کے لئے پرعزم ہے، اس کوشش میں بی ایم جی ایف جیسے قابل اعتماد شراکت داروں کی مدد سے کامیاب ہوسکتے ہیں۔