ڈریپ ٹیم کا چھاپہ، کروڑوں روپے کی غیر رجسٹرڈ، جعلی ادویات پکڑ لیں

Published On 22 February,2024 10:32 pm

کراچی: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر صحت ڈاکٹر ندیم جان کی ہدایت پر جعلی اور غیر رجسٹرڈ ادویات کیخلاف کریک ڈاؤن جاری ہے۔

ترجمان وزارت صحت کے مطابق ڈریپ کی ٹیم نے بولٹن مارکیٹ نزد کچی گلی کراچی میں گودام پر چھاپہ مار کر کروڑوں روپے کی غیررجسٹرڈ اور جعلی ادویات قبضے میں لے لیں۔

چھاپے کے دوران میڈیکل ڈیوائسز اور سمگل شدہ ادویات قبضے میں لے لی گئیں، ڈرگ ایکٹ کے تحت کارروائی کی جارہی ہے۔

وزیر صحت ڈاکٹر ندیم جان نے کہا کہ جعلی ادویات کا خاتمہ ہماری اولین ترجیح ہے، ملک بھر میں جعلی ادویات کے خاتمے کیلئے عملی اقدامات کئے جا رہے ہیں۔

ڈاکٹر ندیم جان کا کہنا تھا کہ ملک بھر میں جعلی ادویات کا کاروبار کرنے والوں کے گرد گھیرا تنگ کیا جا رہا ہے۔