لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب حکومت نے تمام اضلاع کی ہیلتھ اتھارٹیز کا آڈٹ کرانے کا فیصلہ کرلیا۔
سیکرٹری ہیلتھ پنجاب کو اس حوالے سے ہدایات جاری کر دی گئیں، بدترین کارکردگی دکھانے والے اضلاع کے افسران کو معطل کیا جائے گا۔
محکمہ صحت کی جانب سے تمام اضلاع کے حفاظتی ٹیکوں کی کوریج کا 5 سالہ ریکارڈ طلب کیا گیا ہے، حفاظتی ٹیکوں کی کوریج میں بدترین کارکردگی دکھانے والے اضلاع کا تعین کیا جائے گا۔
ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ نے گزشتہ پانچ سالوں میں ڈیوٹیاں سرانجام نہ دینے والے عملے کی فہرستیں بھی منگوا لیں۔
محکمہ صحت کے ریکارڈ کے مطابق 2017 میں پنجاب کی ویکسین کوریج 90 فیصد سے زائد تھی، 2023 میں حفاظتی ٹیکوں کی ویکسین کوریج 68 فیصد ہوگئی۔
اس حوالے سے صوبائی وزیر صحت خواجہ عمران نذیر نے کہا ہے کہ ہم نے آڈٹ کا فیصلہ کیا ہے، ملازمین کے کام کا احتساب ہوگا۔