لاہور: (دنیا نیوز) فارماسوٹیکل کمپنیز کو ادویات کی قیمتیں مقرر کرنے کا اختیار لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کردیا گیا۔
لاہور ہائیکورٹ میں درخواست شہری محمد اسلم نے ندیم سرور ایڈووکیٹ کی وساطت سے دائر کی جس میں وفاقی حکومت، ڈریپ سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔
درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ کابینہ نے ادویات کی قیمتیں مقرر کرنے کا اختیار ڈریپ سے لیکر فارماسوٹیکل کمپنیز کو دے دیا ہے، وفاقی حکومت نے نگران حکومت کے فیصلے کی غیر قانونی تائید کی ہے۔
درخواست گزار نے مؤقف اپنایا کہ عدالت نے وفاقی کابینہ کو معاملے کا اَز سر نو جائزہ لینے کا حکم دیا تھا، عدالتی احکامات کے باوجود نگران حکومت کے فیصلے کی تائید غیر آئینی ہے، فارماسوٹیکل کمپنیاں من مانے نرخوں پر ادویات فروخت کر کے عوام پر بوجھ ڈال رہی ہیں۔
درخواست میں استدعا کی گئی کہ لاہور ہائیکورٹ ادویات کی قیمتیں مقرر کرنے کا اختیار کمپنیوں کو دینے کا نوٹیفکیشن کالعدم قرار دے۔