وزیر اعظم کا ملک میں بڑھتے پولیو کیسز پر اظہار تشویش، رپورٹ طلب

Published On 22 October,2024 04:42 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے ملک میں بڑھتے ہوئے پولیو کیسز پر اظہار تشویش کرتے ہوئے رپورٹ طلب کر لی ہے۔

وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا، وزیراعظم نے 26 ویں آئینی ترمیم کے حوالے سے سیاسی پارٹیوں اور ان کے رہنماؤں کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ 26 ویں آئینی ترمیم 2006 کے میثاق جمہوریت کی تکمیل ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ عدالتی اصلاحات اور نظام عدل کی بہتری کے حوالے سے 26 ویں آئینی ترمیم ناگزیر تھی، وزیراعظم نے شنگھائی تعاون تنظیم کونسل آف ہیڈز آف گورنمنٹ اجلاس کے کامیاب انعقاد پر بھی اظہار تشکر کیا اور شنگھائی تعاون تنظیم اجلاس کے حوالے سے متعلقہ اداروں کی کارکردگی کی تعریف کی۔

وزیراعظم نے انسداد پولیو کے حوالے ہنگامی بنیادوں پر جامع حکمت عملی ترتیب دینے کی ہدایت کی، وزیراعظم نے بڑھتے ہوئے پولیو کیسز کے حوالے سے اجلاس بھی طلب کر لیا۔

شہباز شریف نے گھریلو تشدد کی روک تھام کے بل، ڈومیسٹک وائلینس (پریوینشن اینڈ پروٹیکشن) بل 2024 Domestic Violence (Prevention and Protection )Bill 2024 کو کابینہ کمیٹی برائے لیجسلیٹو کیسز میں بھیجنے کی منظوری دی۔

اس موقع پر کابینہ کو بریفنگ دی گئی کہ یہ بل گھریلو تشدد کی روک تھام کے لئے انسٹی ٹیوشنل فریم ورک فراہم کرے گا، اس قانون سازی کے ذریعے گھریلو تشدد کا مرتکب ہونے والوں کو قرار واقعی سزا دلانے میں بھی مدد ملے گی۔

گھریلو تشدد کی روک تھام پر قانون سازی کے ذریعے گھریلو تشدد کی روک تھام میں مدد ملے گی اور گھریلو تشدد کا شکار ہونے والوں کو ریلیف بھی فراہم کی جا سکے گی۔