اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے جناح میڈیکل کمپلیکس اینڈ ریسرچ منصوبے میں شفافیت یقینی بنانے کی ہدایت کر دی۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت جناح میڈیکل کمپلیکس اینڈ ریسرچ سینٹر کے حوالے سے ایک اعلیٰ سطحی جائزہ اجلاس ہوا، اجلاس میں وزیراعظم نے ہدایت کی کہ منصوبے کی تعمیر کے تمام مراحل میں سو فیصد شفافیت کو یقینی بنایا جائے تاکہ یہ ادارہ پورے خطے کے لیے جدید ترین طبی سہولیات اور عالمی معیار کی ریسرچ فراہم کر سکے۔
اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ جناح میڈیکل کمپلیکس ایک جدید ہسپتال ہو گا جو جدید ترین آلات، تحقیق اور تدریسی سہولیات سے آراستہ ہو گا۔
منصوبے کے لیے چین، ترکیہ، جنوبی کوریا اور سنگاپور میں بین الاقوامی روڈ شوز منعقد کیے گئے جن میں عالمی شہرت یافتہ کمپنیوں نے گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔
بریفنگ کے مطابق منصوبے کے لیے اب تک دو اہم بین الاقوامی کانفرنسسز بھی منعقد کی جا چکی ہیں جن میں 10 ممالک کی 33 کمپنیوں نے شرکت کی۔
اس کے علاوہ جناح میڈیکل کمپلیکس کی تعمیر کے لیے 600 کنال اراضی کے حصول کا عمل تیزی سے جاری ہے جبکہ ماہرین اور کنسلٹنٹس کی تعیناتی کے لیے بین الاقوامی سطح پر اشتہار بھی جاری کیا جا چکا ہے۔
اجلاس میں وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال، وفاقی وزیر قانون و انصاف اعظم نذیر تارڑ، وفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ، وفاقی وزیر قومی صحت سید مصطفیٰ کمال، چیئرمین پاکستان کڈنی اینڈ لیور انسٹی ٹیوٹ پروفیسر ڈاکٹر سعید اختر سمیت اعلیٰ حکومتی و سرکاری حکام نے شرکت کی۔